پیپلزپارٹی کرپشن کی چیمپیئن ٬ فوج اور حکومت ایک صفحے پر نہیں ٬سینیٹر مشاہد اللہ

نواز شریف کا کوئی متبادل نہیں٬ ملک میں نئی سیاسی جماعت کا حا می ہو ں ٬ الطاف حسین نے خود اپنے آپ کو مائنس کیا٬ انٹرویو

اتوار 23 اکتوبر 2016 14:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر راہنما و سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے خود اپنے آپ کو مائنس کیا ۔ پیپلزپارٹی کرپشن کی چیمپیئن ہے فوج اور حکومت پہلے ایک صفحے پر تھی نہ اب ہے ۔ فوج بارے متنازعہ بیان مجھ سے پہلے بریگیڈیر سائمن اور نجم سیٹھی دے چکے تھے ان سے تو کسی نے نہیں پوچھا۔

پیپلزپارٹی کی دنیا کی پہلی جماعت ہے کہ جس کے وزیر کا کہنا ہے کہ ہمیں بھی کرپشن کی اجازت ہونی چاہئے ۔ نواز شریف کا اس وقت کوئی متبادل نہیں تاہم ملک میں ایک نئی سیاسی جماعت ہونی چاہئے ۔انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ کوئی بھی کسی کو مائنس نہیں کر سکتا الطاف حسین نے خود اپنے آپ کو مائنس کیا ۔ جب آپ پاکستان مردہ باد کے نعرے لگائیں گے تو پاکستانی قوم اس کو مائنس کر دیتی ہے ۔

(جاری ہے)

اس لئے پاکستانی قوم نے ان کو ہمیشہ کے لئے مائنس کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے سارے لوگ متحدہ کے کارکن اور راہنما تھے ان تمام جرائم میں وہ بھی شریک تھے ۔ انہو ںنے نہ تو جرائم کا اعتراف کیا اور نہ ہی معافی مانگی وہ کیسے زم زم سے دھل گئی انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کشمیر کے حوالے سے بلایا گیا تھا لیکن پہلے تحریک انصاف میں شرکت نہیں کی پھر پیپلزپارٹی نے کشمیر پر بات کرنے کی بجائے نواز شریف پر تنقید کرنا شروع کی جس کا جواب دینا ضروری تھا ۔

انہو ںنے کہا کہ نواز شریف کا نام پانامہ لیکس میں شامل نہیں ان کا بیٹوں اور بیٹی کا نام ہے اس کے لئے جوڈیشل کونسل بنانے کے لئے تیار ہیں لیکن اپوزیشن کے ٹی او آرز نہیں بنائے جا سکتے پانامہ لیکس کے اوپر جو شور کر رہے ہیں ان کے اپنے نام پانامہ لیکس میں ہیں ۔ تحریک انصاف جماعت نہیں چندہ اکٹھا کرنے والی این جی او ہے جس کے خفیہ مقاصد ہیں جن میں سی پیک اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانا شامل ہے 2014 میں بھی چائنا کے دورے میں رکاوٹ ڈالی گئی تھی جس سے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچا تھا ۔

اب جمہوریت ڈی ریل ہوتی ہے تو سی پیک اور ملکی معیشت میں رکاوٹ ڈالی جاتی ہے تو کیا یہ ملک کے ساتھ ہمدردی ہو گی ۔مشاہد اللہ نے کہا کہ میں نے جو بیان فوج کے بارے میں دیا تھا اس سے پہلے بھی لوگ دے چکے تھے ان سے تو کسی نے نہیں پوچھا لیکن میری پارٹی کے لوگوں کو اس کی تردید بھی کرنا پڑی اور مجھے استعفی بھی دینا پڑا ۔ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کا طرز عمل سیاسی اقتدار کے حوالے سے مثبت نہیں ہے ملک میں حقیقی سیاست کرنے والی پارٹیوں کا فقدان ہے ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے ایسی نئی جماعت کی ضرورت ہے جو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی حفاظت کرے ۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے بی بی سی کو انٹرویو میں خود کہا تھا کہ ہم نے خالصتان کے حوالے سے بھارتی حکومت کی مدد کی اور لسٹیں بھی فراہم کیں ۔ یہ انٹرویو ریکارڈ پر موجود ہے ۔ اس وقت پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں اعتزاز احسن وزیر داخلہ تھے انہوں نے کہاکہ 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ نون اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی پنجاب سے پیپلزپارٹی کا صفایا ہو گا ۔ تحریک انصاف نے 2013 میں جو سیٹیں حاصل کی تھیں وہ بھی ان کے ہاتھ سے نکل جائیں گی عوام عمران خان کی انتشاری سیاست سے تنگ آ گئے ہیں ۔2018 تک انرجی کرائسس کا خاتمہ ہو جائے گا ۔ (جاوید)