فیملی فارمنگ دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی زرعی ترقی میں اہم کردار ادا کررہاہے٬ ماہرین ایوب ریسرچ

اتوار 23 اکتوبر 2016 13:50

فیصل آباد اکتوبر 23(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) : فیملی فارمنگ دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی زرعی ترقی میں اہم کردار ادا کررہاہے جبکہ دنیا بھر میں کل 570ملین سے زائد فارمز میں سے فیملی فارمز کی تعداد 500 ملین سے تجاوز کر گئی ہے نیز پاکستان میں بچے بھی زراعت میں ماں باپ کاہاتھ بٹا کر سرسبز زرعی انقلاب لانے کاپیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں ۔

ایوب ریسرچ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایاکہ فیملی فارمز سے دنیا کی 65فیصد زرعی پیداوار حاصل کی جارہی ہے اور اس وقت عالمی سطح پر 85فیصد سے زائد فیملی فارمز براعظم ایشیاء کی زرعی اراضی پر واقع ہیں۔ ایک ملاقات کے دورا ن انہوںنے بتایاکہ 83فیصد فارم شمالی ووسطی امریکہ ٬62فیصد فارمز افریقہ ٬ 18فیصد فارم جنوبی امریکہ کی زرعی زمینوں پر قائم کئے گئے ہیں لہٰذا اگر اس لحاظ سے دیکھا جائے تو سب سے زیادہ فیملی فارم براعظم ایشیاء کی زرعی اراضی پر قائم کیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ پاکستان میں بھی زرعی ترقی میں فیملی فارمنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے اکثر علاقوں میں خواتین اور بوڑھے افراد بھی کھیتوں میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کرتے نظر آتے ہیں اسی طرح بچے بھی زراعت میں اپنے ماں باپ کاہاتھ بٹا رہے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ اگر ان افراد کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی اور مستقبل کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کرزرعی تربیت کی جائے تو انہیں مزید کارآمد بنایاجاسکتاہے۔

انہوںنے بتایاکہ محکمہ زراعت نے پنجاب میں دالوں اور سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے فیملی فارمنگ کو فروغ دیاہے جس کے تحت کچن گارڈننگ کاپروگرام بھی شروع کیاگیاہے جس میں خواتین ٬ گھرکے معمر افراد اور بچے بھی خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ زرعی لوازمات اور کیمیائی کھادوں و کرم کش ادویات کے بڑھتے ہوئے استعمال سے پیدا ہونے والے مسائل کو روکنے کی جانب بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :