چینی ذرائع ابلاغ نے پاکستان طالبان مذاکرات کی تصدیق کر دی

مذاکرات گذشتہ ہفتے تین افغان رہنمائوں نے اسلام آباد میں کئے تھے قطر مذاکرات میں پاکستان کو افغانستان اور امریکہ کیساتھ ہونیوالے مذاکرات سے آگا ہ کیا جائیگا

اتوار 23 اکتوبر 2016 13:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2016ء) چینی ذرائع ابلاغ نے افغان طالبان کے ساتھ اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کی تصدیق کر دی ہے ۔ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ افغان طالبان قطر کے سیاسی دفتر سے تعلق رکھنے والے تین اعلیٰ نمائندے پاکستانی رہنمائوں کے ساتھ گذشتہ ہفتے افغان مہاجرین کے مسائل پر بات چیت کرنے کیلئے اسلام آباد آئے تھے اور خیال کیا جاتا ہے کہ تین دن قبل قطر سے اس وفد نے آ کر پاکستانی حکام سے بات چیت کی تھی ٬ طالبان کے وفد میں مولوی شہاب الدین دلاور ٬ مولوی سلام حنفی اور جان محمد شامل تھے۔

طالبان کے ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے صوبے دے کند کے طالبان گورنر سلیمان آغا اور ف ان کے مذہبی سکول کے سربراہ ملا ثانی جنہیں صمد ثانی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور جو ایک معروف تاجر ہیں وہ حماس اور حقانی نیٹ ورک کے ایک گروپ لیڈر بھی سمجھے جاتے ہیں٬کو گرفتار کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

مقامی ذرائع ابلاغ نے طالبان رہنما کا نام لئے بغیر کہا کہ بات چیت کے ایجنڈے میں امن عمل بھی شامل ہو گا اور طالبان رہنما٬ امریکی اور افغان حکام کے ساتھ قطر میں اپنی ہونیوالی بات چیت سے بھی پاکستان کو آگاہ کرینگے ٬ اگرچہ ابھی تک طالبان اور افغان حکومت نے قطر مذاکرات کے بارے میں سرکاری طورپر تصدیق نہیں کی تا ہم فریقین نے غیر سرکاری طورپر اس اجلاس کی تصدیق کی ہے ٬ ملا محمد عمر کے بھائی ملاعبد المنان نے طالبان کی طرف سے افغان اور امریکی نمائندوں کے ساتھ اس ماہ ہونیوالے اجلاس میں حصہ لیا تھا ٬ گذشتہ سات مہینوں کے دوران طالبان رہنمائوں کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے ٬ طالبان کے سیاسی نمائندے امن مذاکرات کے پس منظر میں گذشتہ اپریل میں پاکستان گئے تھے تا ہم بعد میں اپریل میں طالبان کی طرف سے کابل پر خونریز حملے کے بعد مذاکرات کا یہ سلسلہ معطل ہو گیا تھا ۔