ہمسایہ ملک میںپاکستانی فنکاروں سے انتہا کی دشمنی ہماری آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے‘ قوی خان

پاکستانی قوم پر امن ٬ اعتدال پسند ہے اور ہمارا اس پر قائم رہنا ہی ہماری جیت ہے ‘ سینئر اداکار کی گفتگو

اتوار 23 اکتوبر 2016 13:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء)سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک کی طرف سے پاکستانی فنکاروں سے انتہا کی دشمنی ہماری آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے ٬پاکستانی قوم پر امن اور اعتدال پسند ہے اور ہمارا اس پر قائم رہنا ہی ہماری جیت ہے ۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو میں قوی خان نے کہا کہ ہمارے اداکاروں اور گلوکاروںکی ہمسایہ ملک میں بڑھتی ہوئی پسندیدگی وہاں کے انتہا پسندوں کوایک آنکھ نہیں بھاتی اور یہی وجہ ہے کہ ہر دور میں ہمارے فنکاروں کو ڈرایا دھمکایا جاتا رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ جو معیار پاکستانی ڈراموں کا ہے ہمسایہ ملک کو اس تک پہنچنے میں کئی دہائیاں درکار ہیں۔قوی خان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور ہمارے فنکار وں نے بھی امن کے سفیر کا کردار ادا کیا ہے لیکن دوسری طرف ہمسایہ ملک میں انتہا پسندی قابل مذمت ہے۔