اسٹیٹ بینک 10روپے کا سکہ (کل)جاری کرے گا

سکے کے سامنے کے رخ پر ہلال ٬پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ٬پچھلے رخ پر فیصل مسجد کی سامنے سے لی گئی تصویر ہے

اتوار 23 اکتوبر 2016 13:06

اسٹیٹ بینک 10روپے کا سکہ (کل)جاری کرے گا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کل ( پیر) کو 10 روپے کا سکہ جاری کرے گا ۔ یہ سکہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کائونٹرز سے جاری کیا جائے گا۔یہ سکہ پیلے رنگ کا اور گول ہے اور کنارے پر دندانے ہیں٬ اس کا قطر 25.5ملی میٹر ہے۔ سکے کا وزن 5.50 گرام ہے ۔ اس سکے کے سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔

(جاری ہے)

ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں سکے کا سالِ اجرا درج ہے۔ سکے کے پورے کنارے پر چھوٹے موتیوں کا دائرہ ہے۔پچھلے رخ پر وسط میں فیصل مسجد کی سامنے سے لی گئی تصویر ہے جس پر فاختائیں اڑتی نظر آ رہی ہیں۔ سکے کے نچلی طرف اس کی عرفی مالیت جلی اعداد میں 10 اور اردو میں روپیہ کندہ ہے۔ سکے کے پورے کنارے پر چھوٹے موتیوں کا دائرہ ہے۔