پی ٹی آئی قیادت کی ’’ میں نہ مانوں ‘‘کی ضدکسی طرح بھی ملکی مفاد میں نہیں ‘ جہانگیر خانزادہ

تنقید ٬ احتجاج اپوزیشن کا جمہوری حق ٬اسکی آڑ میں ترقی کی راہ میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں‘ رکن کابینہ کمیٹی برائے امن و امان

اتوار 23 اکتوبر 2016 13:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے رکن جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے پانامہ لیکس کے معاملے پر عدلیہ سے رجوع کرنے کے باوجود اسلام آباد میں احتجاج کی کال بلا جواز ہے ٬پی ٹی آئی قیادت کی ’’ میں نہ مانوں ‘‘کی ضدکسی طرح بھی ملکی مفاد میں نہیں اور اس سے ترقی کا جاری سفر ایک بار پھر تعطل کا شکار ہو جائے گا ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تنقید اور احتجاج کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے لیکن اس کی آڑ میں ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں۔ تحریک انصاف کو سب سے پہلے یہ واضح کرنا ہوگا کہ انہیں ملک کے اداروں پرا عتماد ہے کہ نہیں ۔انصاف کے سب سے بڑے ادارے سے رجوع کرنے کے باوجود اسلام آباد میں احتجاج کی کال اور نظام کو مفلوج کرنے کی باتیں بلا جواز ہیں اور انہیں عوامی سطح پر پذیرائی نہیں مل رہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام اب بہت با شعور ہو چکے ہیں اور وہ سب کے کردار سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں توانائی بحران میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور جس تیز رفتاری سے توانائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب اس ملک سے اندھیرے ہمیشہ کیلئے چھٹ جائیں گے۔ جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کیلئے عظیم تحفہ ہے ٬ پوری قوم کو اس منصوبے کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اس کے گرد اپنا حصار قائم کرنا ہوگا اور یہ اسی صورت ممکن ہے جب ملک میں سیاسی استحکام ہوگا ۔