قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے ٬قرآنی تعلیمات پر عمل سے ہی دنیا و آخرت میں بھلائی ممکن ہے٬ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کاصوت القرآن انٹرنیشنل کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب

اتوار 23 اکتوبر 2016 11:39

لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قرآن کی تعلیم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے ٬ قومی اسمبلی اور سینٹ میں سکولوں میں قرآن کریم کی تعلیم دینے کیلئے قانون بنانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ صوبوں سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے ۔

قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل کر کے دنیا و آخرت کی بھلائی ممکن ہے ۔ وہ ہفتہ کی شب مقامی ہوٹل میں پی ٹی وی کے صوت القرآن انٹرنیشنل کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس محمد اکرم خان درانی ٬جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ٬ صوت القرآن پروگرام کے چیئرمین قاری سید صداقت علی ٬ خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر آغا اکبر برخورداری ٬ پی ٹی وی کے جنرل مینیجرلاہور سینٹر بشارت خان اور سجاد احمد بھٹہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ فیصل مسجد اسلام آباد میں بین الاقوامی سیرت کانفرنس منعقد کرائی جائے گی جس میں پاکستان اور دوسرے ممالک سے علماء ٬ نعت خوان شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک قرآن کی ناظرہ تعلیم اور چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک ترجمہ و معنی کے ساتھ تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں قرآن کریم کی تعلیم رائج کرنے کے نظام کو لازمی قرار دینے کے حوالے سے قومی اسمبلی اور سینٹ نے تجاویز کو پاس کر دیا ہے جبکہ اس سلسلہ میںصوبوں کے ساتھ مشاورت ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب قرآن کریم کی تعلیم سلیبس میں شامل ہو جائے گی تو اس سے معاشرہ میں بہت بڑی مثبت تبدیلی آئے گی۔ اس سلسلے میں علماء کرام سے مشاورت اور رہنمائی حاصل کی جا رہی ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر محمد اکرم خان درانی نے کہا کہ صوت القرآن پروگرام خوبصورت پروگرام ہے جس کا آغاز 25سال قبل پاکستان ٹیلی ویژن کی نشریات میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قاری سید صداقت علی کی بے پناہ خدمات کوشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں نے اس پروگرام میں شرکت کی ہے۔ بعدازاں وفاقی وزراء نے صوت القرآن پروگرام کے شرکاء اور طالب علموں میں ایوارڈ ز تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :