وزیراعظم کے خصوصی نمائندے برائے کشمیر سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم اور ممبر قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ کی برطانوی پارلیمنٹ میں شیڈووزیرخارجہ ایملی تھورن بیرے سے ملاقات ٬ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا

اتوار 23 اکتوبر 2016 11:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) وزیراعظم کے خصوصی نمائندے برائے کشمیر سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم اور ممبر قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ نے ہفتہ کو برطانوی پارلیمنٹ میں شیڈووزیرخارجہ ایملی تھورن بیرے سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس مسئلہ کو پر امن انداز میں حل کرنا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے نمائندوں نے شیڈو وزیرخارجہ پر زور دیا کہ وہ برطانوی دارالعوام میں کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مسئلہ کو اٹھائیں۔انہوں نے برطانوی حکومت سے بھی کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں برطانوی پارلیمنٹیرینز پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے ۔

شیڈو وزیر خارجہ نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے پیلٹ گنز کا استعمال ناقابل قبول ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے پر بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی پر مایوسی کا اظہار کیا۔مس تھورن بیری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔