․ محکمہ جنگلات نے شہر کوسر سبزو شاداب بنا نے کیلئے نومبر تک 5لاکھ پودے لگانے کے ٹاسک کو مکمل کر نے کیلئے حکمت عملی ترتیب دے دی

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 22:03

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2016ء)ضلعی حکومت ملتان کے زیر اہتمام شہر کوسر سبزو شاداب بنا نے کے لئے شجر کاری مہم کو بدلتے موسم کے پیش نظر مزید تیز کر دیا گیا ہے ڈی سی او کی ہدایت پر محکمہ جنگلات نے نومبر تک 5لاکھ پودے لگانے کے ٹاسک کو مکمل کر نے کے لئے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔ اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر بیک وقت متعدد سکولوں میں تقاریب کا انعقاد کر کے بچوں میں مفت پودے تقسیم کئے جائیں گے ۔

شجر کاری مہم کے حوالے سے گزشتہ روز بھی دو سرکاری سکولوں گورنمنٹ ہائی سکول نواب پور اور مدینہ کالونی میں پودے تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ایم ڈی اے حاجی شوکت حیات بوسن نے کی جبکہ ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری عبدالغفور بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایم پی اے حاجی شوکت حیات بوسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی حکومت کی جانب سے ملتان میں ماحولیاتی آلودگی کم کر نے کیلئے شجر کاری کا آغاز صدقہ جاریہ ہے معصوم بچوں کے ہاتھوں سے لگے پودوں کی بدولت مستقبل میں شہر ضرور سرسبز و شاداب ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائے اور اس کی پرورش بھی کرے ۔اس موقع پر ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری عبدالغفور نے بھی خطاب کیا ۔بعد ازاں دونوں سکولوں کے طلبا ء میں مہمانان خصوصی نے پودے بھی تقسیم کئے۔