پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور صوبائی حکومت صوبے کی ترقی کیلئے دن رات کام کررہی ہے‘ترقی کے حوالے سے صوبے کو مثالی صوبہ بنائیں گے٬صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 21:54

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور صوبائی حکومت صوبے کی ترقی کیلئے دن رات کام کررہی ہے اور ترقی کے حوالے سے صوبے کو مثالی صوبہ بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمن کے تین روزہ دورے کے دوران چمن شہر میں حاجی حبیب کے گھر سے اڈہ کہول٬ اٹالین گرانٹ سے خواجہ عمران میں ڈبری سے توخانی تک 6کلو میٹر روڈ اور ابوتو تا ابوتو کراس سڑکوں کے جاری اور مکمل شدہ کے معائنہ کے دوران علاقہ کے معتبرین اور پارٹی کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

مذکورہ سڑکوں پر بلیک ٹاپ کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ سائڈ ڈرین ٬پروٹیکشن وال اور پلوں پر کام تیزی سے جاری ہے صوبائی وزیر نے معائنہ کے دوران تعمیراتی کام کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیداران منصوبوں کو معیار کے مطابق مقررہ وقت پر مکمل کریں انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام میں کسی قسم کی کرپشن یا دو نمبری کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا صوبائی وزیر نے پارٹی کارکنان کو بھی کہا کہ وہ جاری کام کی نگرانی کریں اور کسی بھی قسم کی بے قاعدگی سے متعلق انہیں آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی کے علاقائی سیکرٹری ( عثمان زئی) اچکزئی حاجی لالکو٬ حاجی حبیب اللہ خان ٬ حاجی اخلاص خان اور پارٹی کے کارکنان بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر نے چمن میں محکمہ ریونیو کے تحت تعمیر شدہ پٹوار خانے کا بھی افتتاح کیا اس موقع پر اے سی ریونیو چمن حافظ قاسم٬ اے سی قلعہ عبدالله جعفر خان اور تحصیلدار زہری کے علاوہ پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ارکان حاجی عبدالعلیم پہلوان٬ حاجی عبدالولی٬ حاجی محمد عیسیٰ خان٬ ضلع کمیٹی کے ممبران ٬ حاجی فیض اللہ ٬ جمال خان ٬ حاجی خدکو٬ ناظم عبدالکریم صالح زئی کے علاوہ چمن شہر کے معتبرین اورپارٹی کے کارکنان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے چمن میں ہونے والے دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی صوبے میں امن وامان کے قیام اور کرپشن کے خاتمے کیلئے کمربستہ ہے اور دہشت اورکرپشن چاہے کسی بھی حوالے سے ہو اس کی ہم نہ صرف مخالفت کرتے ہیں بلکہ اس کی مزاحمت بھی کریں گے۔ اس سلسلے میں فوج پولیس ایف سی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی نہ صرف بھرپور حمایت کرتے ہیں بلکہ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف حکومت اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :