ایڈیشنل سیکرٹری صحت کا بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ کا دورہ ٬ہسپتال میںنصب سی سی ٹی وی کیمروں٬ بائیومیٹرک سسٹم کا معائنہ کیا

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 21:09

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2016ء) ایڈیشنل سیکرٹری صحت عبدالر$ف بلوچ نے سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ کی ہدایت پر بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے ہسپتال میں پہلے سے نصب شدہ سی سی ٹی وی کیمرے٬ بائیومیٹرک سسٹم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالحق شیرانی نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے اعدادوشمار کے مطابق ہسپتال میں 75سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب ہونی تھی جس میں پچھلے سالوں میں 36کیمرے مہیا کئے گئے جو کہ مکمل طور پر کارآمد نہیں جن کی مرمت کی اشد ضرورت ہے جبکہ ان کا ریکارڈنگ سسٹم بھی مکمل طور پر فعال نہیں ہے۔

علاوہ ازیں انہیں بائیو میٹرک سسٹم کے بارے میں بتایاگیا کہ ہسپتال کے بائیو میٹرک سسٹم میں بھی خامیاں ہیں جس میں اکثر میں تکنیکی خامیاں ہیں جن کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ بی ایم سی ہسپتال کے بائیو میٹرک سسٹم کو فعال کرکے تمام ملازمین کی حاضری کو بائیو میٹرک سسٹم میں ریکارڈ منتقل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری صحت نے کہا کہ انتظامی مسائل آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ اور ایم ایس ہسپتال جلد از جلد حل کریں تاکہ ہسپتال میں نئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرکے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے جبکہ ایم ایس ہسپتال تمام اسٹاف کا ڈیٹا مرتب کرکے جلد از جلد محکمہ آئی ٹی کو فراہم کرے تاکہ بائیومیٹرک سسٹم کو فعال کرکے ملازمین کی حاضری کو یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے سیکیورٹی فرم نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کردی ہیں اور سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے ہسپتال میں سینٹرل کولنگ اور ہیٹنگ سسٹم سے بوائلر کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سردیوں میں ہیٹنگ سسٹم کو مکمل فعال کیا جائے انہوں نے سینٹرل آکسیجن کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ایمرجنسی سروسز میں آکسیجن کی فراہمی کو ہر صورت بنایا جائے اور اس حوالے سے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

بعدازاں ایم ایس بی ایم سی ڈاکٹر ایوب کاکڑ نے ہسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور انتظامی مسائل سے آگاہ کیا جس پر ایڈیشنل سیکریٹری نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :