Live Updates

مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیری عوام کی پرامن جدوجہد آزادی میں تمام پاکستانی‘ سیاسی جماعتیں اور عوام ان کے ساتھ ہیں٬ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ساری کشمیری قیادت کو فی الفور رہا کرے٬ مقبوضہ کشمیر میں 105 دن سے مسلسل کرفیو کا نفاذ کشمیری عوام کے معاشی قتل کی سوچی سمجھی سازش ہے

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا مشال ملک سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیری عوام کی پرامن جدوجہد آزادی میں تمام پاکستانی‘ سیاسی جماعتیں اور عوام ان کے ساتھ ہیں٬ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ساری کشمیری قیادت کو فی الفور رہا کرے٬ مقبوضہ کشمیر میں 105 دن سے مسلسل کرفیو کا نفاذ کشمیری عوام کے معاشی قتل کی سوچی سمجھی سازش ہے۔

وہ ہفتہ کو یہاں حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مشال ملک بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 8 جولائی سے یاسین ملک کو بھارتی فوج نے قید میں رکھا ہوا ہے٬ بھارتی فوج کی جانب سے ان پر ٹارچر اور مسلسل ذہنی دبائو کے باعث یاسین ملک انتہائی تشویشناک حالت میں ہیں اور وہ دل و گردوں کے عارضے میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے باوجود یاسین ملک کو ہسپتال کی بجائے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے اقدامات سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک طرف جمہوریت کا ڈھنڈورہ پیٹتے ہیں اور دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی کا حق مانگنے پر ظلم و جبر کا نشانہ بناتے ہیں٬ کوئی بھی مذہب یا معاشرہ اس ظلم و بربریت کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان٬ بوڑھے٬ بچے بھارت سے آزادی کیلئے پرامن احتجاج کرتے ہیں٬ ان کے پاس کوئی ہتھیار نہیں٬ صرف جذبہ آزادی ان کی ہمت باندھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشال ملک گذشتہ دو برس سے ویزہ کی درخواست دے رہی ہیں تاہم بھارتی حکومت ویزہ دینے سے انکار کرتی ہے اور نہ ہی اقرار٬ صرف ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی تمام کشمیری قیادت کو فوری طور پر رہا کرے جن میں سید علی گیلانی٬ میر واعظ عمر فاروق٬ آسیہ اندرابی٬ شبیر شاہ سمیت دیگر قائدین شامل ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کا موقف حق اور سچ پر مبنی ہے اور ایک دن ان کی فتح ہو گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشال ملک نے بتایا کہ بھارتی فوج کے زیر حراست یاسین ملک کو گذشتہ پانچ دن سے پانی نہیں دیا گیا٬ بھارتی سکیورٹی اداروں کی جانب سے ان پر مسلسل تشدد کے باعث ان کی حالت انتہائی مخدوش ہے٬ 105 دن سے انہیں ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں روزانہ ظلم و ستم کی نئی داستانیں رقم کر رہی ہے٬ آزادی کا حق مانگنے والے نہتے مظلوم کشمیری عوام پر روز کربلا گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے گذشتہ پانچ سال سے سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کو نظربند کر رکھا ہے٬ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ اس طرح ظلم و ستم سے وہ کشمیری عوام کی پرامن جدوجہد آزادی کو دبا لے گا تو وہ اس کی خام خیالی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات