بلوچستان کو تعلیم کے شعبہ میں دیگر صوبوں کے برابر لانے کیلئے معیاری اداروں کا قیام عمل میں لایاجارہاہے٬ نواب ثناء اللہ خان زہری

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 20:18

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کو تعلیم کے شعبہ میں دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لئے تعلیمی اداروں کی بہتری اور معیاری تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لارہی ہے٬ ملٹری کالج سوئی صوبے کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ذہین اور محنتی طلبہ کو تعلیم کی بہتر مواقع فراہم رہا ہے٬ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بریگیڈئرخالدسلطان کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے یہاں ملاقات کی۔

اس موقع پر صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال٬ ڈاکٹر حامد خان اچکزئی٬ صوبائی مشیرمحمد خان لہڑی٬ عبید اللہ بابت٬ سردار درمحمد ناصر٬ رکن صوبائی اسمبلی سردار صالح محمد بھوتانی ٬ نصراللہ زیرے اور ایڈیشنل سیکرٹری پی اینڈ ڈی دائود بڑیچ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی نے و زیر اعلیٰ بلوچستان کو ملٹری کالج سوئی کی کارکردگی اور دیگر امور سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے حکومت صوبہ بھر میں اعلیٰ اور معیاری درسگاہوں کے قیام کے ساتھ ساتھ تمام تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے٬ ملٹری کالج سوئی ہمارا قومی ادارہ ہے جو ہمارے بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں کوشاں ہیں٬ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ذہین اور محنتی طلباء کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں تعلیم کے بہتر مواقع میسر ہوں٬ ملٹری کالج سوئی جیسے معیاری اداروں میں صوبے کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی مواقع فراہم کرنے سے انقلابی تبدیلی آئے گی٬ صوبائی حکومت ملٹری کالج سوئی سے ہر ممکن تعاون کریگی۔

اس موقع پر کمانڈنٹ ملٹری کالج بریگیڈئر خالد سلطان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملٹری کالج سوئی میں اکیڈ مک بلاک کے قیام کے سلسلے میں صوبائی حکومت کا تعاون کی درخواست کی ٬ جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ملٹری کالج سوئی میں اکیڈمک بلاک کے قیام میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور خضدار٬ تربت٬ گوادر اور پنجگور سمیت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ نومبر میں ملٹری کالج سوئی میں ہونے والے داخلوں کے حوالے سے طلباء میں آگاہی فراہم کریں۔کمانڈنٹ ملٹری کالج نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو 19نومبر کوملٹری سوئی کالج میں ہونے والے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے کی دعوت بھی دی۔

متعلقہ عنوان :