سندھ میں 1409 کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو مالکانہ حقوق دیئے گئے٬ 100 کچی آبادیوں کو اپ گریڈ کررہے ہیں ٬مرتضیٰ بلوچ

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 20:16

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ نے گڑھی خدابخش بھٹو پہنچ کر شہید ذوالفقار علی بھٹو٬ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہدا کے مزاروں پر حاضری دے کر فاتح خوانی کی اور پھولوں کے چادر چڑھائے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ سندھ میں 1409 کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو مالکانہ حقوق دیئے گئے ہیں٬ اب 100 کچی آبادیوں کو اپ گریڈ کررہے ہیں جن میں سے 30 کراچی٬ 20 حیدرآباد٬ 15 لاڑکانہ٬ 15 نوابشاہ٬ 10 سکھر اور 10 میرپورخاص میں ہیں جنہیں ہر بنیادی سہولیات جن میں بجلی٬ پانی٬ اسکول٬ ڈسپینسری٬ کھیلوں کے میدان بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان آبادیوں میں رہنے والے افراد کو کسی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں میں فلیٹ سسٹم متعارف کروانے پر بھی غور کیا جارہا ہے تاکہ وہاں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنا غلط ہے کیونکہ اسلام آباد ملک کا حب ہے اور اسے نقصان پہنچانے سے اپنے ہی ملک کا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں دھرنے دیئے جاسکتے ہیں لیکن کسی بھی شہر کو بند نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی دھرنے کی سیاست نہیں کی جبکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری کے چار نقاط پر عمل نہیں کیا گیا تو پھر حکومت دیکھے گی کہ پیپلز پارٹی میں کتنی طاقت ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ نے سرکٹ ہائوس لاڑکانہ میں محکمے کے افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کچی آبادی لاڑکانہ رستم خان لاشاری نے محکمے کے متعلق بریفنگ دی جس پر انہوں نے ہدایت کی کہ محکمے میں مزید بہتری لائی جائے اور غریب لوگوں کے جائز کاموں کو اولیت دی جائے۔ اجلاس میں محمد موسیٰ سومرو٬ جاوید علی لغاری٬ پیپلز پارٹی رہنما و کارکنان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :