ہم دینا پاکستان کا وقار بلند کرنے اس کے خلاف پائے جانے والے منفی رجحانات کے خاتمے کیلئے اسلام آباد شاپنگ فیسٹیول کا انعقاد کر رہے ہیں٬ ڈاکٹر محمد عباس

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 20:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2016ء) پن فلیکس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد عباس نے کہا کہ ہم دینا میں پاکستان کا وقار بلند کرنے اس کے خلاف پائے جانے والے منفی رجحانات کے خاتمے کیلئے اسلام آباد شاپنگ فیسٹیول کا انعقاد کر رہے ہیں۔ فیسٹیول کے انعقاد سے پوری دنیا کو ایک پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم ایک پرامن قوم ہے۔

پاکستان کے مخالفین نے دنیا میں ملک کو بدنام کیا ہوا ہے۔ وہ ہفتہ کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے ہمراہ سینئر صحافی فاروق فیصل خان٬ نصر احمد خواجہ اور وقاص انٹرنیشنل کمپنی کے وقار بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد عباس نے بتایا کہ ہم پوری دنیا میں ایسے فیسٹیول منعقد کرتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ملائیشیا٬ دبئی٬ چائنہ٬ ترکی٬ فرانس اور جاپان میں ایسے فیسٹیول منعقد کروا چکے ہیں اور اسی سلسلے میں اب ہم پاکستان میں سب سے پہلے اسلام آباد میں ’’اسلام آباد شاپنگ فیسٹیول‘‘ مہربان پاکستان٬ یس وی آر یونائیٹڈ کے نعرے کے ساتھ پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر میں فیسٹیول منعقد کر رہے ہیں۔

بعدازاں لاہور٬ کراچی٬ فیصل آباد اور پشاور میں بھی ایسے فیسٹیول منعقد کروائیں گے۔ اسلام آباد شاپنگ فیسٹیول کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 3 اور 4 دسمبر کو یہ فیسٹیول پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر میں ہوگا۔ یہ فیسٹیول اتحاد٬ ترقی٬ جذبہ٬ امید اور تشکر کو فروغ دے گا۔ اس میگا فیسٹیول میں صارفین سے متعلق بڑے برانڈز بہترین ڈسکائونٹس آفر کریں گے۔

اس فیسٹیول میں ایک لاکھ سے زائد لوگوں کی آمد متوقع ہے۔ فیسٹیول میں آنے والے افراد کو ڈسکائونٹ شاپنگ٬ میوزیکل کنسرٹ٬ فیشن شو٬ مقابلے٬ یوتھ کانفرنس٬ لکی ڈرا٬ مزے دار کھانے اور پیٹ شو سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ فیسٹیول میں انٹری فری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول سے محبت٬ یگانگت اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔ پاکستان کا وقار بلند ہوگا اور دنیا میں پاکستان کے خلاف منفی رجحانات میں کمی واقع ہوگی۔

پاکستان کا ایک بہترین امیج دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔ کاروباری کمیونٹی کو موقع ملے گا کہ وہ اپنے برانڈز اور مصنوعات کو پروموٹ کر سکیں گے۔ یونیورسٹیز اور سکولز کو بھی اس فیسٹیول میں مدعو کیا گیا ہے۔ آئی ایف ڈی ایف ایوارڈز دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر سینئر صحافی فاروق فیصل نے کہا کہ ہمیں ایسے افراد٬ اداروں اور پروگراموں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے٬ جن کے مقاصد میں پاکستان کی بہتری٬ وقار کی بلندی اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبے شامل ہوں۔ صحافتی کمیونٹی کی طرف سے انہوں نے یقین دلایا کہ ہم ایسے افراد اور اداروں کو حوصلہ افزائی کریں گے اور جہاں تک ممکن ہوگا ان سے تعاون کریں گے تاکہ وہ پوری دنیا میں پاکستان کے وقار بلند کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :