جرائم میں ملوث عناصر کو نہیں چھوڑا جائے گا شہر سے جرائم کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا وہ دن دو ر نہیں جب شہر میں مکمل امن و امان بحال ہو جائے امن ہو گا تو خوشحالی آئے گی٬گورنر سندھ

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 18:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے گذشتہ شب خود گاڑی چلاتے ہوئے کمشنر کراچی اور ڈپٹی میئر کے ہمراہ شہر کا دورہ کیا ٬ ایمپریس مارکیٹ اور اس کے اطراف میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرائم میں ملوث عناصر کو نہیں چھوڑا جائے گا شہر سے جرائم کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا وہ دن دو ر نہیں جب شہر میں مکمل امن و امان بحال ہو جائے امن ہو گا تو خوشحالی آئے گی٬ انہوں نے کہا کہ صوبہ سمیت پورے ملک میں امن و امان کے قیام کے بعد بڑی تیزی سے سرمایہ کار آرہے ہیں سرمایہ کار خو د اس بات کا اظہار کررہے ہیں کہ پورے ملک میں امن و امان قائم ہو گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کو اس کی اصل حالت میں لایا جا رہا ہے اسے اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گا منصوبہ پر بڑی تیزی سے کام جاری ہے اور بہت جلد اسے مکمل کرلیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں گورنر سندھ لکی اسٹار چورنگی گئے اور وہاں پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا بعد ازاں ایمپریس مارکیٹ پہنچے جہاں انھیں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فیز ون اے پر تخمینی لاگت کا اندازہ 196.62 ملین روپے ٬فیز ون بی پر تخمینی لاگت 9978.106 ملین روپے ٬ فیز ٹو پر 625 ملین روپے اور فیز تھری پر تخمینی لاگت3200 ملین روپے لگایا گیا ہے ٬ ریڈ لائن پر 95 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ ایک بڑا منصوبہ ہے اس کے محرکات دور رس ہو نگے ا س منصوبہ کو پاکستان چوک تک بڑھارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ شہر کی شناخت ہے اسے اس کو اصل حالت میں بحال کررہے ہیںشہریوں کے لئے یہ ایک ایسی جگہ بنے گی جہاں لوگ بہت محظوظ ہو نگے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے علاقہ میں سیورج اور پانی کی لائنیں برسوں پرانی ہیں جنھیں تبدیل کیا جارہا ہے جبکہ یہاں روڈنیٹ ورک بھی بنایا جا رہا ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر پارک میں مختلف سہولیات فراہم کرکے اسے ایک تفریح گاہ میں تبدیل کردیا جائے گا جس کی تکمیل کے لئے بہت تیزی سے ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت کا فوکس امن و امان کے قیام پر تھا امن و امان کے قیام میں فوج ٬ رینجرز ٬ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نا قابل فراموش اقدامات کئے ہیں اس سارے پروسزمیں ٹارگٹ کلنگ ٬ اغوا ء برائے تاوان ٬ بھتہ خوری اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے جن ایریا ز کی نشاندہی کی گئی ان پر بھرپور ایکشن لیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ جو عناصر شہر کے امن کو خراب کرنا چاہتے ہیں ان کے خلاف بھرپور ایکشن جاری رہے گا اس وقت اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور جو کام رکے ہوئے تھے ان پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے لیاری ایکسپریس وے پر کام جاری ہے اورمنصوبہ کو اگلے برس تک مکمل کرلیا جائے گا شہر میں پانی کا دیرینہ مسئلہ رہا ہے اس کے خاتمہ کے لئے K-IV منصوبہ پر بھی کام جاری ہے اور اس منصوبہ کو بھی دو برس میںمکمل کرلیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی مرکزی شاہراہ فیصل جہاں سے غیر ملکیوں سمیت شہریوں کی بڑی تعدا د گذرتی ہے اس شاہراہ کی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے ۔ گورنر سندھ نے کہاکہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ٬ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری ٬ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت ہر ایک کی خواہش ہے کہ صوبہ و شہر میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام ہوں جو کہ صوبہ کے عوام کے لئے خوش آئند ہے ٬ صوبہ میں ترقی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلا ول بھٹو زرادری سے بات ہوئی تھی صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو بھی شہر میں ترقیاتی کاموں پر بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ بھی ترقیاتی کاموں کا خود جائزہ لے رہے ہیں اس وقت ایک ٹیم ورک بن گیا ہے ہر محکمہ اور ادارہ شہر کی ترقی کے لئے ڈپٹی میئر کے ساتھ ہے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وہ صوبہ و شہر کی خدمت کرتے رہیں گے گزشتہ دنوں جو تلخی پید ا ہوئی وہ میرے مزاج اور منصب کے شایان شان ہر گز نہیں تھی اس پر مجھے افسوس ہوا میں خود اس کو اچھا نہیں سمجھتا یہ شہر ٬ صوبے اور ترقی امن کے لئے بھی فائدہ مند نہیں میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ مجھے مزید صبر و برداشت عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر جانبداری (Neutrality) ہی میری طاقت ہے اور منصب کا تقاضہ بھی۔ گورنر نے کہا کہ صوبے میں ترقی کے لئے وہ بلا تفریق مذہب ٬ رنگ ٬ نسل و علاقہ خدمت کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :