عافیہ کی رہائی امریکی اور پاکستانی عوام کے درمیان ہم آہنگی کا سبب بنے گی‘ حاجی مسعود پاریکھ

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 18:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2016ء) معروف سماجی رہنما اور میمن خدمت فورم کے چیئرمین حاجی مسعود پاریکھ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا امریکی قید میں چودہواں سال گذررہا ہے جو پوری قوم کیلئے دکھ اور تکلیف کاباعث ہے۔ پوری پاکستانی قوم ہی نہیں٬بلکہ عالمی سطح پر بھی سول سوسائٹی بے گناہی کی بنیاد پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اوروطن واپسی کا مطالبہ کررہی ہے جو کہ انصاف پر مبنی نہایت سنجیدہ معاملہ ہے جس کا امریکی اور پاکستانی حکومتوں کو نوٹس لینا چاہئے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پر 86 روزہ ’’ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کے 35 ویں دن ڈاکٹر عافیہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔علامتی بھوک ہڑتال کیمپ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کا قوم کی بیٹی سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

حاجی مسعود پاریکھ نے کہاکہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی امریکی اور پاکستانی عوام کے درمیان ہم آہنگی کا سبب بنے گی اور پاکستانی قوم کیلئے امریکی عوام کی طرف سے بڑا تحفہ ہوگی۔

امریکی صدر باراک اوبامہ اپنی مدت کی تکمیل سے قبل عالمی سول سوسائٹی کی اپیلوں پر ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرکے اسلامی اور مغربی دنیا کے درمیان قائم خلیج کو ختم کرسکتے ہیں۔انہوں نے وزیراعظم نواز شریف سے اپیل کی کہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کا وعدہ پورا کریں۔ ’’ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کی شرکاء عذرا امجد٬ اسماء بلوچ٬ رواحہ عالم٬ نور خاتون٬ کرن سہیل٬نجمہ بی بی٬ روبینہ ابراہیم ٬ مقدس غلام رسول٬ فوزیہ ابراہیم ٬ عروج فاطمہ٬ امام حسین ہمدم٬ عدنان بھٹی و دیگرنے ڈاکٹر عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے تلاوت کلام پاک٬ ذکرواذکار اور دعائوں کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے۔