فلاح انسانیت فائونڈیشن کی جانب سے تھرپارکر میں 4 روزہ فری آئی سرجیکل کیمپ اختتام پذیر ہوگیا

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 18:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2016ء)فلاح انسانیت فائونڈیشن کی جانب سے تھرپارکر میں 4 روزہ فری آئی سرجیکل کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔ جس میں 500 مریضوں کا آپریشن اور او پی ڈی کے ذریعے 1500 سے زائد افراد کا چیک اپ کیا گیا۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف کا کہنا ہے کہ فری آئی کیمپ کا مقصد تھری عوام کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کرنا تھا۔

ہم بغیر کسی تفریق کے تھر میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ایف آئی ایف کے فری آئی کیمپ سے سیکڑوں ہندوئوں نے بھی استفادہ کیا۔ 4 روزہ کیمپ میں لاہور٬ اسلام آباد کے ماہر سرجنز نے خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں موتیا اور آشوب چشم سمیت دیگر آنکھوں کی بیماریاں عام ہیں۔

(جاری ہے)

فلاح انسانیت فائونڈیشن اہل تھر کے لیے واٹر پروجیکٹس کے ساتھ ساتھ میڈیکل کے شعبے میں بھی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے٬ اس ضمن میں حکومت اور رفاہی اداروں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ حافظ عبدالرئوف نے کہا کہ تھر کی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے فلاح انسانیت فائونڈیشن نے تھرپارکر میں ایک بڑا فلاحی مرکز قائم کیا ہے٬ جہاں صحت اور تعلیم کے حوالے سے بیک وقت کئی شعبہ جات کام کر رہے ہیں۔ اہل تھر کے لیے خدمت کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔