کوہاٹ٬ دوفریقین کے مابین فائرنگ ٬ پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق٬ ایک زخمی ہوگیا٬ چار ملزمان گرفتار

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 18:23

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2016ء) کوہاٹ کے علاقہ درے وال بانڈہ میںراستے میں پتھر ڈالنے اور بچوں کی لڑائی کے تناذعہ پر فریقین کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت چار افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔پولیس نے واقعہ میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں ایک پولیس کانسٹیبل بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوہاٹ بنوں روڈ پر واقع علاقہ درے وال بانڈہ کے ایک محلے میں گزشتہ شام بچوں کی لڑائی اور راستے میں پتھر ڈالنے کے تناذعہ پر دو فریقین کے افراد آپسمیں گتھم گتھ ہوئے اور ہاتھا پائی کے دوران طیش میں آکر دو نوں فریقین کے افراد نے ایک دوسرے پراچانک فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں ایک فریق کی طرف سے پولیس کانسٹیبل علائوالدین اور دوسرے فریق کے دلاور خان اورامان اللہ موقع پرجاں بحق ہوگئے جبکہ دوطرفہ فائرنگ کے تبادلہ میں دوسرے فریق کے د و افراد رشید اور شہر یار زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ محمد ریاض شہید پولیس اور کوئیک رسپانس فورس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق و زخمی افراد کو لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن اور کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا جہاں سے ایک زخمی رشیدکو تشویشناک حالت کے باعث پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر وہ بھی جانبر نہ ہوسکا۔

واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشین پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالہ کردی گئیں جبکہ پولیس تھانہ محمد ریاض شہید نے دونوں فریقین کے بارہ نامزد ملزمان مقتول پولیس کانسٹیبل علائوالدین اسکے بھائی پولیس کانسٹیبل ریاض الدین٬رشتہ داروں حبیب الرحمان٬نویداورتاج خان کے علاوہ دوسرے فریق کے شہر یار٬منور٬سیف اللہ٬صابر اور مقتولین دلاور٬امان اللہ اور رشید کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے۔

بعد ازاں پولیس نے چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران قتل اور اقدام قتل کے ان مقدمات میں نامزد چار ملزمان پولیس کانسٹیبل ریاض الدین ٬ حبیب الرحمان٬نوید اور مجروح شہریار کو گرفتار کرکے تھانہ محمد ریاض منتقل کردیا ہے۔پولیس نے واقعہ میں ملوث دیگر روپوش ملزمان کی تلاش شروع کرکے گرفتار ملزمان کا عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرتے ہوئے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :