زنگیا پاک چائنہ فرینڈ شپ کارریلی کا حیدرآباد پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیاگیا

پاکستان کی معیشت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کریگا ٬ْ پاکستان کا رابطہ بین القوامی مارکیٹ کیساتھ مزید مستحکم ہو گا ٬ْ لی پھنگ رونگ

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 18:14

حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2016ء) زنگیا پاک چائنہ فرینڈ شپ کارریلی کا حیدرآباد پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیاگیا ۔ ریلی میں شامل چینی وفد کی65 اراکین36 کاروں میں سوار تھے جن پر پاکستان اور چینی پرچم لہرا رہے تھے ۔اس موقع پر وفد کے ٹیم لیڈر لی پھنگ رونگ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ جس میں پاک چائنہ اشترا ک شامل ہیں پاکستان کی معیشت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گا اور پاکستان کا رابطہ بین الاقوامی مارکیٹ کے ساتھ مزید مستحکم ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی اب اپنی انتہا کو پہنچ گئی اور 70 سال پر محیط دوستی اب ہمالیہ کی چوٹی بھی کراس کر چکی ہے اوریہ بتدریج مستحکم ہو گی اور دنیا اس دوستی کی مثالیں دے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے چین نے ہمیشہ ایک بہترین دوست کا کردار ادا کیا ہے جس کا واضح ثبوت سی پیک منصوبہ ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ چین کے صوبے زنگ جیان سے شروع ہونے والی یہ ریلی گلگت بلتستان ٬ پنجاب سے ہوتی ہوئی سندھ پہنچی ہے اور یہ سفر ان کے لیے نہ صرف تاریخی بلکہ یاد گار ثابت ہوا ہے جس کی یادیں یہ وفد مدتوں فراموش نہیں کر پائے گا اور بالخصوص سندھ کی مہمان نوازی اور لوگوں کی محبت ان کے لیے ایک اثاثہ رہے گی ۔ وفد کے حیدرآباد بائی پاس پہنچنے پر پاکستان اور چین کے پرچم اور پاک چین دوستی زندہ باد کے نعروں سے ان کا والہانہ استقبال کیاگیا ٬ْ وفد کے میئر حیدرآبادسید طیب حسین ٬ کمشنر حیدرآباد قاضی شاہد پرویز ٬ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر ریلی کے شرکا کو سندھ کے روایتی تحائف سندھی ٹوپی اور اجرکیں پیش کی گئیں اور خواتین کو چوڑیاں اور اجرکیں پیش کی گئیں ۔ قبل ازیں ریلی کی آمد پر طلبہ و طالبات نے ریلی کے شرکا پر گل پاشی کی اور پاک چین دوستی کے نعرے بھی بلند کیے جبکہ وہاں پر موجود لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان اور چینی پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور شہریوں نے ریلی کے چینی باشندوں سے ہاتھ ملا کر اپنے پیار اور محبت کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر پاکستانی اور چینی قومی ترانہ بھی پیش کیاگیا ۔ تقریب میں موجود مختلف مکاتب فکر کے افراد نے سی پیک منصوبے کو پاکستان کے لیے معاشی انقلاب قرار دیا ہے۔ اس موقع پر تعلقہ قاسم آباد کے نو منتخب چیرمین کاشف شورو ٬عبدالجبار خان و دیگر سرکاری افسران ٬سول سوسائٹی کے نمائندے ٬ معززین شہر اور طلبہ و طالبات موجود تھیں ۔

متعلقہ عنوان :