افغان طالبان وفد کی پاکستان آمد سے لاعلم ہوں ٬ْ سرتاج عزیز

وفود آتے رہتے ہیں ٬ْ پہلے بھی آئے تھے ٬ْ ابھی اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی جاسکتی ٬ْانٹرویو

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 18:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2016ء) وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے ان رپورٹس سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے جن کے مطابق افغان طالبان کا ایک وفد حال ہی میں اسلام آباد آیا اور پاکستانی حکام کو افغان حکومت کے ساتھ قطر میں ہونے والے خفیہ مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہاکہ وفود آتے رہتے ہیں اور اس سے پہلے بھی آئے تھے تاہم ابھی اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی برطانوی اخبار گارجین نے قطر میں افغان طالبان اور کابل حکام کے خفیہ مذاکرات کی رپورٹ دی تھی جس کی طالبان نے تردید کردی تھی۔سرتاج عزیز نے کہا کہ افغان میں امن کے لیے ہر کوئی کوشش کر رہا ہے اور اس مقصد کیلئے کام کرنے والے چار ملکی گروپ کی کوششیں بھی جاری ہیں تاکہ وہاں امن قائم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ غیر ملکی میڈیا نے خبر دی کہ طالبان کے 3 سینئر ارکان پر مشتمل وفد نے حال ہی میں اسلام آباد میں پاکستانی عہدیداران سے متعدد ملاقاتیں کیں اور انھیں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قطر میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے بارے میں بریفنگ دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تعینات افغان سفیر حضرت عمر زاخیل وال نے بتایا کہ وہ ان ملاقاتوں کے بارے میں واقف ہیں تاہم انھوں نے تفصیلات بتانے سے معذرت کرلی۔

متعلقہ عنوان :