4 روز قبل 6 سالہ بچے کو اغوا کرنے والے عمار یاسر گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان گرفتار

․ملزمان کے قبضہ سے اغواء میں استعمال ہونیوالے لینڈ کروزر ٬ موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ٬ گرفتاری کے خوف سے بچے کو پہلے ہی چھوڑ دیا تھا‘ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹائون شائستہ ندیم کی پریس کانفرنس/پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 18:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2016ء) انویسٹی گیشن اقبال ٹائون پولیس نے 4 روز قبل 6 سالہ محمد علی ذاکرکو یونیک سکول سسٹم سے چھٹی پر گھر جاتے ہوئے گن پوائنٹ پر اغوا کرنے والے عمار یاسر اغواء گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ میں استعمال ہونے والی لینڈ کروزر٬ موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیاہے ٬ اغوا کاروں نے گرفتاری کے خوف سے بچنے کے لئے مغوی محمد علی ذاکر کو چھوڑ دیا تھا۔

یہ بات ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹائون شائستہ ندیم نے اپنے دفترمیں ایک پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ بچے کے اغوا کے بعد سی سی پی اولاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس کی ہدایت پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے بچے کی بازیابی کے لئے ڈی ایس پی اقبال ٹائون رانا محمد اشفاق خان کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن اقبال ٹائون محمد اسلم اور دیگر اہلکاروں پر خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

(جاری ہے)

ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹائون نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ محمد علی ذاکر کو 17اکتوبر سکول سے چھٹی ہونے پر رکشہ پر گھر جاتے ہوئے خیبر بلاک کے قریب گن پوائنٹ پر اٖغوا کیا اور کپڑے میں لپیٹ کر لینڈ کروزر میں فرار ہوگئے۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی انویسٹی گیشن و آپریشنزونگ پولیس کے سینئر افسران موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے CCTVفوٹیج اور موبائل ٹریکنگ سے ملزمان کے آپس کارابطہ کا پتہ لگایا اور گاڑی کو ٹریس کرنے کے ساتھ ساتھ تما م وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو بھی ٹریس کیا ۔

ملزمان کو پتہ لگ چکا تھا کہ بہت جلد پولیس ان کو گرفتار کر لے گی لہذا ملزمان نے اپنی گرفتاری کے ڈر سے بچے سمن آباد کے علاقے میں واقع پارک میں چھوڑ کر رکشہ ڈرائیور کے موبائل فون جو دوران اغوا انہوں نے رکشہ ڈرائیور سے چھینا تھا مغوی بچے کے گھر کال کر کے بچے کے متعلق بتا دیا کہ آپ کا بچہ اس پارک میں ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمار یاسر سرغنہ گینگ کا مدعی کے گھر آنا جانا تھا اس نے اپنے دیگر ساتھیوں سے ملکر بچے کو تاوان کے لئے اغوا کیا لیکن صورتحال بھانپتے ہوئے تاوان لینے کی ہمت نہ ہوئی اور بچے کو باامر مجبور ی چھوڑنا پڑا۔

بچہ ملنے کے بعد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں مغوی بچے کا رشتے دار عمار یاسرجبکہ اس کے 3 ساتھی جعفر علی عرف صابر٬ محمد شاہد اور مسماة عائشی زوجہ شاہد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی ٬ موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ ان کا ایک ساتھی عمران عرف مانی تا حال مفرور ہے جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے مغوی بچے کو بازیاب کرانے اور اغوا کاروں کے گینگ کو گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :