پشاور سے منتخب ایک رکن صوبائی اسمبلی شانگلہ کیلئے منظور کردہ سیلاب فنڈز پر سیاست کر رہا ہے اور ٹھیکیداروں سے مک مکا کرکے ضلع پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے٬صوبائی حکومت شانگلہ کی ضلعی تحصیل حکومتوں اور منتخب نمائندوں کو بائی پاس کرنے کی اجازت نہیں دے گی ٬شا نگلہ سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ اور رکن صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان کی پریس کانفرنس

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 17:44

الپوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2016ء) شا نگلہ سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ اور رکن صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان نے الزام لگایا ہے کہ پشاور سے منتخب ایک رکن صوبائی اسمبلی شانگلہ کیلئے منظور کردہ سیلاب فنڈز پر سیاست کر رہا ہے اور ٹھیکیداروں سے مک مکا کرکے ضلع پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے٬ صوبائی حکومت شانگلہ کی ضلعی تحصیل حکومتوں اور منتخب نمائندوں کو بائی پاس کرنے کی اجازت نہیں دیں گے٬ اگر فنڈ کی غیرمنصفانہ تقسیم کو نہ روکا گیااور ٹینڈر کینسل نہ کئے گئے توملوث ضلعی افسران کو دفاتر سے نکال باہر کریں گے٬ اور بھر پور احتجا ج کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز الپوری میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا٬ مسلم لیگ (ن ) کے ضلعی صدر انتخاب عالم ٬ ضلعی کونسلر شیرین زادہ خان اور جاوید خان بھی ان کے ہمراہ تھے٬ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ اور رکن صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان نے کہا کہ شانگلہ میں سیلاب کی وجہ سے بڑی تباہی ہوئی٬ ہزاروں گھر تباہ ہوئے٬ انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا جبکہ بعد میں ضلعی حکومت نے یہاں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ڈیمانڈ صوبائی حکومت کو بھیجا٬ جس پر صوبائی حکومت نے 53کروڑ روپے پیکج دیا٬ لیکن اب یہ فنڈ پشاور سے رکن صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسفزئ کی مرضی سے اس کے اے ڈی پی سکیموں پر خرچ کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے٬ شوکت علی یوسفزئ شانگلہ کیلئے منظور شدہ سیلان فنڈز پر اپنی سیاسی ساکھ مضبوط کرنے کے چکر میں ہے٬ جس کو کسی صورت اجازت نہیں دیں گے٬انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میںوزیر اعلیٰ نے شانگلہ میں سیلاب سکیموں کے ٹینڈرزفور ی طور پر منسوخ کرنے کا کہا تھالیکن شوکت یوسفزئ نے ٹھیکیداروں کے ساتھ مک مکا کیا اور ٹینڈر کو منسوخ نہیں کرتے٬ا نہوں نے خبردار کیا کہ ضلعی و تحصیل حکومتوں اور منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر سیلاب فنڈز کی بند ر بانٹ کی گئی توہم ملوث یہاں کے سرکاری افسران کو دفتر وں سے گھسیٹ کر باہر نکال دیں گے٬ اور بھر پور احتجاج کریں گے٬ لہٰذا وزیر اعلیٰ حالات کی نزاکت کا ادراک کرتے ہوئے اس کا فوری نوٹس لے٬ انہوں نے کہا کہ اگر شوکت علی یوسفزئ اپنی اے ڈی پی میں شانگلہ کیلئے فنڈز لاتا ہے تو ہم اسے خوش امدید کہیں گے٬ لیکن سیلاب کی نقصانات کی بحالی کیلئے منظور شدہ فنڈز پر اپنی سیاسی دکان چمکانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔

۔