پانامالیکس ملکی تاریخ کا سب سے بڑااسکینڈل ہے٬عدالتی نوٹسز سے حکمرانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ‘میاں مقصود احمد

حکمرا ن راہ فرار اختیار کرنے کی بجائے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کریں‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب کا خصوصی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 16:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے حکمرانوں سمیت تمام کرپٹ عناصر کا احتساب ناگزیر ہے٬ترقی یافتہ ممالک میں کرپشن ثابت ہونے پر سخت ترین سزائیں متعین کی گئی ہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان میں الٹی گنگابہتی ہے٬یہاں جس کی لاٹھی اس کا قانون رائج ہے ٬عدالتوں کو بلاخوف وخطر اور بغیر سیاسی دبائو کے کام کرنا چاہئے۔

کوئی بھی شخص یاادارہ آئین وقانون سے بالاتر نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اقتدار کو ذاتی فوائد کے لیے استعمال کرنے والے ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مفاد پرست حکمرانوں سے نجات حاصل کی جائے۔

(جاری ہے)

محض دکھاوے اور ڈنگ ٹپائوپالیسیوں سے عوام کو بے وقوف نہیں بنایاجاسکتا۔

18کروڑ عوام حکومتی کارکردگی سے مایوس ہوچکے ہیں۔ان کی کہیں بھی شنوائی نہیں ہورہی۔انہوں نے کہاکہ آئے روز میڈیا میں آنے والی کرپشن کی داستانوں سے عوام پریشان ہیں۔ٹیکس چور٬ڈاکو اور رشوت خوراسمبلیوں میں بیٹھے ہیں جبکہ پڑھے لکھے نوجوان نوکریوں کے لیے دردرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ملک میں میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں۔اقرباپروری اور موروثی نظام نے سب کچھ تلپٹ کرکے رکھ دیا ہے۔

موجودہ سیاسی عدم استحکام سے ہر پاکستانی اضطراب وپریشانی کاشکار ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ پانامالیکس ملکی تاریخ کا سب سے بڑااسکینڈل ہے۔حکومت کو فرارکی بجائے اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے۔کرپٹ لوگوں کو جڑوں سے اکھاڑ پھینک کر پاکستان کی ترقی کوممکن بنایاجاسکتا ہے۔کرپٹ اور ٹیکس چور عناصر نے پاکستان میں موجود فرسودہ نظام کو ہمیشہ تحفظ فراہم کیا ہے۔پانامالیکس سماعت کے حوالے سے عدالتی نوٹسز جاری ہونے سے حکمرانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوجائے گا۔