جمعیت علمائے اسلام اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی٬مولانا فضل الرحمن

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 16:12

فیصل آباد۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2016ء) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے مرکزی رہنما مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ہمیشہ سے اس کا اصول رہا ہے کہ اس نے جب کبھی بھی دوسری جماعتوں کے سیاستدانوں کا ساتھ دیاہے تو اصولوں کی بنیاد پر دیا ہے٬ جمعہ کو رات گئے دھوبی گھاٹ گرائونڈ میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسلام انسانیت کی آزادی کا درس دیتا ہے اور جمعیت علمائے اسلام اس پیغام کو عام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے قیام کا مقصد ہی انسانیت کو دوسروںکے چنگل سے آزاد کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا حسین احمد٬ شیخ الہند اور دیگر صوفی حضرات نے برصغیر میں اسلام کی اشاعت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے 2018ئ؁ کے عام ا نتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اب وہ پنجاب میںایک بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں کو اپنے ووٹ کے ذریعے جمعیت علمائے اسلام کا ساتھ دینا چاہیے اور اس کے بدلے جمعیت کسانوں٬ مزدوروں٬ تاجروں٬ صنعتکاروں اور غریب عوام کو ان کے حقوق دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب پانامہ لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے تو اب اس بنیاد پرکسی بھی جماعت کا اسلام آباد میں دھرنا دینے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ دھرنوں کی سیاست کے ذریعے ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں دراصل وہ کسی کے اشارے پر ایسا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے مدرسوں کو بند کرانے کا خواب دیکھ رکھا ہے ان کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا بلکہ وہ اس جدوجہد میں اپنے آپ کو مٹا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے ایک صدی قبل اپنا سفر شروع کیا تھا اور رہتی دنیا تک اس کا یہ سفر جاری رہے گا٬ ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری٬ خیبر پختون خوا کے سابق وزیر اعلیٰ و ممبر قومی اسمبلی اکرم خاں درانی٬ جمعیت کے صوبائی صدر پنجاب ڈاکٹر عتیق الرحمن٬ مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان٬ مولانا عبدالحفیظ مکی٬ سید زکریا شاہ اور دیگر نے بھی کانفرنس سے خطا ب کیا۔

متعلقہ عنوان :