اقوام متحدہ نے فکشن کی سپر ہیروئن ’’ونڈر ویمن‘‘ کو خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اعزازی سفیر مقرر کردیا ٬ فیصلے کی متعدد ممالک کی جانب سے مخالفت

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 14:33

اقوام متحدہ نے فکشن کی سپر ہیروئن ’’ونڈر ویمن‘‘ کو خواتین کو بااختیار ..
اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2016ء) اقوام متحدہ نے فکشن کی سپر ہیروئن ’’ونڈر ویمن‘‘ کو خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اعزازی سفیر مقرر کردیا ہے۔ ونڈر ویمن کا کردار امریکی ماہر نفسیات اور مصنف ولیم مائولٹن ماسٹن اور ان کی اہلیہ ایلزبتھ ہالوے نے تخلیق کیا تھا۔ اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل کرسٹائن گیلاچ نے گزشتہ روز نیویارک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس امر کا باضابطہ اعلان کیا اور کہا کہ عالمی ادارے نے دنیا کے کئی خطوں میں صنفی مساوات کے کئی اہداف حاصل کئے ہیں تاہم دنیا کے بعض خطے اب بھی ایسے ہیں جہاں خواتین اور لڑکیوں کو تشدد اور امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات بنیادی انسانی حقوق اور ایک پرامن خوشحال اور پائیدار دنیا کو یقینی بنانے کی ضمانت ہیں۔

(جاری ہے)

ونڈر ویمن کو اعزازی سفیر مقرر کرنے کی مہم کو ڈی سی انٹرٹیمنٹ اور وارنر برادرز کا تعاون حاصل ہے۔ تاہم دوسری جانب اقوام متحدہ کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ عالمی ادارے کو اس ضمن میں حقیقی کردار تلاش کرنا چاہئے تھا۔ اس تقریب میں اقوام متحدہ کے پچاس ممالک نے شرکت نہیں کی۔ اقوام متحدہ کے سٹاف ممبران کی جانب سے ایک پٹیشن بھی عالمی ادارے میں داخل کرائی گئی ہے جس میں اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :