لاہور٬مصطفی ٹاون میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائر نگ سے خاتون جاں بحق

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 11:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2016ء) مصطفی ٹاون کے علاقے میں گھر کی دہلیز پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کے ہاتھوں سر میں گولی لگنے جاں بحق ہونے والی 3 بچوں کی ماں کی نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے ٬ سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ٬ پولیس تاحال ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ٬ علاقہ میںلگے نجی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش کی کوشش جاری۔

بتایا گیا ہے کہ مصطفی ٹائون کے علاقہ ایجوکیشن ٹاون گلی نمبر 3 کا رہائشی عبدالرزاق پراپرٹی ڈیلر کا کاروبار کر تا ہے ۔ایک روز قبل عبدالرزاق کے گھر کے دوازے پر کسی نے بیل دی جس پر اسکی بیوی 45سالہ منور سلطانہ نے جیسے ہی گھر کا دوازہ کھولا تو 2نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سیدھا اسکے سر میں گولی مار ی اور موقع سے فرار ہو گئے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پولیس نے مقتولہ کی نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی ہے ۔

جیسے ہی نعش گھر پہنچی تو کہرام برپا ہو گیا اور بچے اپنی والدہ کے جنازے سے لپٹ لپٹ کر روتے رہے ۔ یہ رقت آمیز مناظر دیکھ کر ہر آنکھ اشک بار تھی ۔ بعد ازاں مقتولہ کو سینکڑوں سوگوواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے اور مقامی گھروں ٬ مارکیٹوں اور دیگر جگہوں پر لگے نجی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی اکھٹی کی جارہی ہیں تاکہ ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے تاہم ابھی تک کسی قسم کی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :