وہاڑی پولیس اورڈاکوئوں کے درمیان مقابلے کے دوران ملزم رمضان عرف کٹے شاہ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

جمعہ 21 اکتوبر 2016 22:23

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) وہاڑی پولیس اورڈاکوئوں کے گینگ کے درمیان مقابلے کے دوران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے بدنامِ زمانہ اشتہاری ملزم رمضان عرف کٹے شاہ ہلاک۔ملزم رمضان خطرناک گینگ کا اہم رکن تھااور اپنی سفاکی کے باعث علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ وہاڑی٬ خانیوال اور لودھراں میں قتل اور ڈکیتی کی کئی سنگین وارداتوں میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔

ڈی پی او وہاڑی عمر سعید ملک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز علیٰ الصبح گگو منڈی پولیس کو ا طلاع ملی کہ نواحی علاقے 185/EB کے قریب چار نا معلو م مسلح ملزمان ناکہ لگا کرشہریوں کو لُوٹ رہے ہیں٬ پولیس کے پہنچنے پر ملزمان بھاگ نکلے۔ اس دوران پولیس نے ایک مسلح ملزم کو پکڑ لیا جبکہ اُس کے ساتھی قریبی مکئی کے کھیت میں چھُپ گئے۔

(جاری ہے)

موقع پر پولیس تفتیش کے نتیجے میں ملزم نے اپنا نام رمضان عرف کٹے شاہ جبکہ فرار ہونے والے ساتھیوں کا نام علی حسن٬ محمد اظہر اور علی حسن بتائے۔ اسی دوران چھُپے ہوئے ملزمان نے پولیس پر سیدھی فائرنگ کر دی ٬اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ملزم رمضان ہلاک ہوگیا جبکہ پولیس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوتے ہوئے موٹر سائیکل چھوڑ گئے جن کے خلاف تھانہ گگو میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ڈی پی او نے بتا یا کہ ملزم رمضان عرف کٹے شاہ قتل اور ڈکیتی کی درجنوں سنگین وارداتوں میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ اکتوبر 2015 میں ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تین بچوں کے باپ مقامی دوکاندار فدا حسین سے سا ڑھے سات لاکھ روپے لُوٹ کر اُسے بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ اسی روز ملزم نے ایک اور واردات میں ساتھیوں کے ہمراہ امام مسجد کے داماد قاری محمد نازک کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا اور اڑھائی لاکھ روپے لُوٹ کر فرار ہو گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :