خریف 2015-16حاصل کردہ اہداف اور ربیع 2016-17ء کے تجویز کردہ اہداف کے بارے میں اجلاس

جمعہ 21 اکتوبر 2016 22:09

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء)محکمہ زراعت کے پریس ریلیز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیعی مسعود احمد کی زیرصدارت خریف 2015-16حاصل کردہ اہداف اور ربیع 2016-17ء کے تجویز کردہ اہداف کے بارے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر انفارمیشن عبدالستار لاشاری٬ ڈویژنل ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویژن ملک ابراہیم بازئی٬ کوئٹہ ڈویژن کے تمام اضلاع سے آئے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹرزنے تفصیلاً حاصل کردہ خریف 2015-16ء کے اہداف اور تجویز کردہ ربیع 2016-17ء کے اہداف بارے میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیعی کو بریفنگ دی جس میں مختلف تجویز کردہ اہداف روڈ کنارے زرعی سلوگن آویزاں کرنے٬ کھاد٬ بیج اور زرعی ادویات کی دستیابی اور بلوچستان کے ہر ضلع کے زرعی کام اور آئندہ تجویز شدہ اہداف کو حاصل کرنے کی سفارشات کی گئیں۔

(جاری ہے)

آخر میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیعی مسعود بلوچ نے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ربیع کے مقررکردہ اہداف کو مقررہ وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ زمینداروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔ زرعی ادویات کے ڈیلر حضرات کے لائسنس کو بھی چیک کیا جائے۔ اپنے اپنے ڈسٹرکٹ کے زمینداروں کی زمین سے مٹی اور پانی کے نمونہ جات کا تجزیہ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ باغات اور فصلات پر حملہ آور مختلف کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کے لئے تجویز کی گئی معیاری اور اچھی کوالٹی کی زرعی ادویات کے استعمال کے بارے میں آگاہی دی جائے۔ اپنے اپنے ضلع میں کھاد کی گورنمنٹ کے مقررہ کردہ رعایتی نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایاجائے۔