صوبائی حکومت نے خالص انتظامی وترقیاتی بنیاد پر نئے اضلاع وتحصیل کی روایت ڈالی ہے٬ مظفرسید

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:56

پشاور۔21اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے نئے اضلاع اور تحصیل سیاسی نہیں بلکہ خالص انتظامی اور ترقیاتی بنیاد پر قائم کرنے کی روایت ڈالی ہے ہم صوبے میں آئندہ مزید انتظامی یونٹ تب قائم کرینگے جب ان سے مقامی آبادی کی مشکلات حل ہوں اور انہیں زیادہ سہولیات ملیں کیونکہ انکی وجہ سے حکومتی اخراجات میں اضافے کے علاوہ مقامی لوگوں پر ٹیکسوں کی صورت میں مالی بوجھ بھی بڑھ جاتا ہے۔

وہ ملاکنڈ ایجنسی کے اتمانخیل بیلٹ کے زعماء سے باتیں کر رہے تھے جس نے سابق رکن قومی اسمبلی حاجی محمد خان کی زیرقیادت ان سے انکے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اپنے بعض علاقائی و مقامی مسائل سے انہیں آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی طرف سے ملاکنڈ ایجنسی میں بٹ خیلہ اور درگئی کے علاوہ تیسری تحصیل کے اعلان پر اظہار مسرت کرتے ہوئے درخواست کی کہ پہاڑوں کی چوٹیوں اور سنگلاخ وادیوں میں واقع یوسی توتکان٬ آگرہ٬ کوٹ٬ سیلئی پٹے اور ہیروشاہ کے دور افتادہ دیہات اور قصبوں پر مشتمل اتمانخیل بیلٹ کو نئی تحصیل بنایا جائے تو اسکی بدولت اہل علاقہ کو گاڑیاں بدل کر 70تا 80 کلومیٹر سفر کرکے بٹ خیلہ اور درگئی کے تحصیل صدر مقامات تک پہنچنے کی صعوبتوں سے نجات مل جائے گی جبکہ اتمانخیل بیلٹ کیلئے تحصیلدار کا تقرر پہلے ہی ہو چکا ہے مگر وہ بٹ خیلہ میں تعینات ہے۔

مظفر سید ایڈوکیٹ نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل کا قیام لوگوں کی سہولت اور ترقی کیلئے ہوتا ہے اتمانخیل بیلٹ میں تحصیل ہیڈکوارٹر بننے سے لوگوں کی سفری مشکلات ختم ہونے کے علاوہ فاٹا کی ملحقہ قبائلی ایجنسیوں اور افغانستان تک نئی شاہراہوں کی تعمیر اور تجارتی سرگرمیاں بھی آسان بن جائیں گی۔ انہوں نے وفد سے اتفاق کیا کہ مستقبل قریب میں نئی تحصیل شاہراہیں اور صوبے اور فاٹا کی بائونڈری پر بہنے والے دریائے سوات و پنجکوڑہ پر پل بننے سے ناقابل رسائل علاقوں کے لوگ بھی قریب تر آجائیں گے اور قومی خوشحالی کے نئے باب روشن ہونگے تاہم انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو مزید کام کرنا باقی ہے کیونکہ ترقی راتوں رات نہیں آتی ترقی عوام کے تعاون ممکن ہے درایں اثناء مظفر سید ایڈوکیٹ نے اضاخیل اجتماع گاہ کا دورہ اور معائنہ کیا اور اسکے منتظمین سے ملاقاتیںکیں ۔