Live Updates

عمران خان ملک کے ساتھ مخلص ہوتے تو خفیہ ہاتھوں میں نہ کھیلتے

2نومبر کو کچھ ہوتا نظر نہیں آرہا ‘ مجھے عمران خان سے بڑی امید تھی لیکن آج وہاں بھی وہی سٹیٹس کو قابض ہے ٬ لٹیروں کا پورا گینگ وہاں آگیا ہے تو نیا پاکستان کیسے بنے گا قوم کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو ٬مارشل لاء کا حامی نہیں ہو ں ٬ خواہش ہے حکومت اپنی مدت پو را کر ے چیئرمین پاکستان عوامی راج جمشید دستی کی پریس کانفرنس

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:49

عمران خان ملک کے ساتھ مخلص ہوتے تو خفیہ ہاتھوں میں نہ کھیلتے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2016ء) پاکستان عوامی راج کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ مردہ گھوڑوں کی ٹیم ہے ٬ ملک کے ساتھ مخلص ہوتے تو خفیہ ہاتھوں میں نہ کھیلتے ٬ 2نومبر کو بھی کچھ ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا ٬مجھے عمران خان سے بڑی امید تھی لیکن آج وہاں بھی وہی سٹیٹس کو قابض ہے ٬ لٹیروں کا پورا گینگ وہاں آگیا ہے تو نیا پاکستان کیسے بنے گا ٬قوم کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو ٬مارشل لاء کا حامی نہیں ہو ں ٬ خواہش ہے کہ حکومت اپنی مدت پو ری کر ے ٬ملک کو باہر سے کو ئی خطرہ نہیں بلکہ سب سے بڑا خطرہ ایوانوں میں بیٹھے ہوئے 95فیصد کرپٹ ٬ ٹیکس چور٬ ڈاکوئوں ٬ لٹیروں اور مالی دہشتگردوں سے ہے ٬امید ہے کہ عدلیہ سیاستدانوں کی کرپشن کے خلاف ایکشن لے گی ٬ عدلیہ اس قوم کی آخری امید ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ جمشید دستی نے کہا کہ پاکستان میں ایک جماعت کہتی ہے کہ دوسری چور ہے اور دوسری کہتی ہے کہ پہلی چور ہے ٬ یہ سب ڈاکو ہیں ٬ جمہوریت کے نام پر اکٹھے ہوجاتے ہیں ۔قوم اس وقت اندھیرے میں ہے٬ اگر اس قوم کو سیا ستدانوں کے اصل چہروں کاپتہ چل جائے تو یہ قوم کبھی بھی اصلی اور فراڈی جمہوریت کے نرغے میں نہ آئے ۔

ملک کو باہر سے کو ئی خطرہ نہیں بلکہ سب سے بڑا خطرہ ایوانوں میں بیٹھے ہوئے 95فیصد کرپٹ ٬ ٹیکس چور٬ ڈاکوئوں ٬ لٹیروں اور مالی دہشتگردوں سے ہے ٬ صرف پانچ فیصد ایماندار ہیں لیکن ان میں ہمت ہی نہیں کہ اس ظالم نظام کے خلاف آواز اٹھائیں ٬ وہ بے بس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود آصف علی زرداری کی کرپشن کا عینی شاہد ہوں لیکن اب جب بلاول بھٹو یا آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے دوسرے رہنما کرپشن کے خلاف بات کر تے ہیں تو مجھے شرم آتی ہے ۔

جمشید دستی نے کہا کہ مجھے عمران خان سے بڑی امید تھی لیکن آج وہاں بھی وہی سٹیٹس کو قابض ہے ٬ لٹیروں کا پورا گینگ وہاں آگیا ہے تو عمران خان نیا پاکستان کیسے بنائے گا جس طبقے کے خلاف جنگ کرنی تھی وہی اس کے ساتھ کھڑا ہے (ق )لیگ٬ پیپلزپارٹی٬اور دیگر جماعتوں کے تمام چوروں کا گینگ پی ٹی آئی میں آگیا ٬ یہ کیا خاک تبدیلی لائیں گے ۔خان صاحب کے ساتھ اس وقت مردہ گھوڑوں کی ٹیم ہے ۔

وزیر اعلیٰ کے پی کے بھی ایک مردہ گھوڑا ہے ٬ ثابت ہو چکا ہے کہ وہ چرس پیتا ہے ۔ جمشید دستی نے مزید کہا کہ آج عمران خان کی ناکامیوں کی وجہ سے وزیر اعظم مضبوط سے مضبوط ہوچکاہے ٬ وہ احتجاجی جلسوں کے نام پر قوم کو گمراہ کر رہے ہیں ٬اگر وہ اس ملک کے ساتھ مخلص ہوتے تو آج خفیہ ہاتھوں میں نہ کھیلتے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ عدلیہ سیاستدانوں کی کرپشن کے خلاف ایکشن لے گی ٬ عدلیہ اس قوم کی آخری امید ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کا آصف علی زرداری گینگ کے ساتھ مک مکا ہو چکا ہے ٬ ان دونوں نے ایک مجرم آدمی کو چیئرمین نیب بنا رکھا ہے ٬ وہ ان کا کیا احتساب کرے گا ۔وزیر اعظم کے پاس کھربوں روپے کی لو ٹی ہوئی دولت ہے ٬ اسے استعفیٰ دینا چاہیے ۔ کسی بھی سیاستدان پر کرپشن ثابت ہونے پر عدلیہ کو 25سال کی سزامقرر کرنی چاہیے ٬اگر وزیر اعظم سچے ہیں تو پھر چھپتے کیوں ہیں آئیں حساب دیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی کے نام پر مولانا فضل الرحمن کو اربوں روپے کا فنڈ دیا گیا ٬ جس کا آج تک آڈٹ نہیں ہوا ٬ یہ جمہوریت کے نام پر فراڈ نہیں تو اور کیا ہے ۔عوام کو چاہیے کہ کرپٹ اور ظالم نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صرف لاہور میں دو سو ارب کی ’’ کینو ٹرین ‘‘ بنانا دوسرے تمام اضلاع کے ساتھ نا انصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹو گینگ کی سرپرستی کرنیوالے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور دیگر کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنے والے پنجاب کے وزراء کے خلاف ادارے ایکشن کیوں نہیں لیتے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات