محکمہ انسداد تجاوزات نے اورنگی ٹائون بلوچ گوٹھ میں آپریشن کرکے متعدد بھینسوں کے باڑے مسمار کردیئے

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے اورنگی ٹائون بلوچ گوٹھ میں بھرپور آپریشن کرتے ہوئے متعدد بھینسوں کے باڑے مسمار کردیئے 9 بھینسیں اٹھا کر کانجی ہائوس کیٹل کمپائونڈ گارڈن ایسٹ میں جمع کرادیں۔ آپریشن کی مشترکہ نگرانی محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان اور اسسٹنٹ کمشنر اورنگی سب ڈویژن کراچی ویسٹ ہشام مظہر قریشی نے کی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر معین خان غوری٬ ڈپٹی ڈائریکٹر جاوید ٬ محکمہ انسداد تجاوزات کا عملہ اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات نے اورنگی ٹائون بلوچ گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے سیکنڈری اسکول کے ساتھ بھینسوں کے باڑے مسمار کردیئے اور 9 بھینسیں اٹھا کر کانجی ہائوس کیٹل کمپائونڈ گارڈن ایسٹ میں جمع کرادیں ٬ محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان نے کہا کہ اورنگی ٹائون کے اس علاقے سے متعدد بار شکایات موصول ہورہی تھیں اور ان باڑوں کے باعث علاقے میں گندگی اور سخت تعفن پھیل رہا تھا علاقہ مکینوں کی شکایت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس علاقے میں بھرپور کارروائی کی گئی اور علاقے کو بھینسوں کے باڑے سے صاف کردیا گیا ٬ انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کو ہٹانے کی کارروائی پورے شہر میں تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور اس سلسلے میں ایسی تمام جگہوں سے تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جا رہا ہے جہاں شہریوں کو ان کی وجہ سے اپنے روزمرہ امور انجام دینے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔