صوبہ بھر کے سکولوں میں36ہزارنئے کلاس رومز کا اضافہ کیا جا رہا ہے٬ 7ہزار سرکاری سکولوں میںای سی ای کلاس رومز بنانے کااصولی فیصلہ کیا گیا ہے٬ ٹیچرز ٹریننگ اور نصاب میں بہتری سمیت مختلف شعبوں میں جدید رجحانات پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود ا حمد خاں نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صوبہ بھر کے سکولوں میں 36000نئے کلاس رومز کا اضافہ کیا جار ہا ہے۔وہ جمعہ کو ضافی کلاس رومز کی تعمیر سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ 7ہزار سرکاری سکولوں میںای سی ای(Early Childhood Education)کلاس رومز بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔پی سی ون کے تحت اگلے سال تک ایک ہزار سکولوں میں ای سی ای کلاس رومز بنائے جائیں گے۔ پنجاب بھر کے 1225پرائمری سکولوں میں ای سی ای کلاس رومز تیار کیے جا چکے ہیں۔پرائمری سکولوں میں 40ہزار سے زائد اساتذہ بھرتی کیے جائیں گے جن میں سے ای سی ای کے اساتذہ مخصوص ہوں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شریک متعلقہ محکموں کے افسران نے صوبائی وزیر کواضافی کمروں کی تعمیر سمیت صوبہ بھر میں تعلیم کے شعبہ میں جاری مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ 50ارب کی لاگت سے Strengthening of Schools کے جامع پروگرام پر کام جاری ہے۔جس کے تحت اضافی کمروں کی تعمیر٬ ضروری سہولتوں کی فراہمی٬ مخدوش عمارتوں کی بحالی سمیت تمام سکولوںمیں ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

اسی طرح جنوبی پنجاب کے 11اضلاع کی 4لاکھ طالبات کے لئے چھٹی سے دسویں جماعت تک ماہانہ وظیفہ دو سوسے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیاگیاہے۔منکیرہ ضلع٬ بھکر اور تونسہ ضلع ڈی جی خان میں 4مزید دانش سکول قائم کرنے کے لئے 3ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔اساتذہ کی پیشہ ورانہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب کے تمام ایلیمنٹری٬ سیکنڈری اور ہیڈ ٹیچرز کی تربیت کی جائے گی۔اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن عبدالجبار شاہین ٬متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔