امریکہ پنجاب پولیس کوجدید تربیت فراہم کرے گا‘ وزیراعلیٰ شہبازشریف پولیس کی تربیت اوراستعداد کار میں اضافے کیلئے جیسا تعاون کہیں گے فراہم کریں گے٬ پنجاب پولیس کا ہیڈ کوارٹر لاس اینجلس٬ شگاگواوردیگر ہیڈ کوارٹرز کی طرح اعلی معیار کا ہے٬امریکی وزیر ولیم براؤن فیلڈ

امریکہ کی جانب سے پولیس کی تربیت میں تکنیکی معاونت اورہائی سکیورٹی جیل کیلئے تعاون کا خیر مقدم کریں گے٬ انتہاء پسندانہ رجحانات کے خاتمے کیلئے بندوق کی گولی کیساتھ تعلیم ٬صحت اورروزگارکی گولیاں بھی ضروری ہیں٬ شہبازشریف

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:04

لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے امریکہ کے معاون وزیر برائے بین الاقوامی انسداد منشیات و امور نفاذ قانون ٬ولیم آر براؤن فیلڈنے ملاقات کی اورامریکی وزیر نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو پنجاب پولیس کی جدید خطوط پر تربیت اوراستعدادکار میںمزید اضافے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

امریکی معاون وزیرنے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب پولیس میں اصلاحات لانے کیلئے شاندار اقدامات پروزیراعلیٰ شہباز شریف کے ویژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف پولیس کی تربیت اوراستعداد کار میں اضافے کیلئے جیسا تعاون کہیں گے فراہم کریں گے۔وزیراعلیٰ کی قیادت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب پولیس کو بہتر بنانے کیلئے بے مثال اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میں دنیا کے 90سے زائد پولیس ہیڈ کوارٹر ز کا دورہ کرچکا ہوںلیکن پنجاب پولیس کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچا ہوں کہ یہاں انتہائی اعلیٰ معیار کا کام ہورہا ہے٬خصوصاً انفارمیشن کے ذریعے پنجاب میں پولیسنگ کے نظام کی بہتری کیلئے جوجدت اپنائی گئی ہے وہ لائق تحسین ہے۔ پنجاب پولیس کا ہیڈ کوارٹر لاس اینجلس٬شگاگواوردیگر ہیڈ کوارٹرزکی طرح اعلیٰ معیار کا ہے اور پنجاب پولیس کو جدید فورس بنانے کا کریڈٹ وزیراعلیٰ شہبازشریف اوران کی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب پولیس کی کارکردگی پاکستان کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہترین اورشاندار ہے۔انہوںنے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آپ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب پولیس کو نیا چہرہ دیا ہے ۔پولیس کومزید جدید خطوط پر تربیت دینے اورہائی سکیورٹی جیل کے حوالے سے امریکہ ہر طرح کی تکنیکی معاونت فرا ہم کرے گا۔انہوںنے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میںپنجاب پولیس بہترین سروسز فراہم کرنے والی فورس بن چکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران دہشت گردی وانتہاء پسندی اورتوانائی بحران پر قابوپانے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیاہے ۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی قوم کا عزم پہاڑ سے بھی زیادہ بلند اور مضبوط ہے ۔پاکستان کی مسلح افواج ٬پولیس اور عام شہریوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیںاوردہشت گردی کیخلاف جنگ پاکستان کے بقاء کی جنگ ہے ۔

قوم کے اتحاد کی طاقت سے پرامن پاکستان کے قیام کی یہ جنگ ہر صورت جیتیں گے۔آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کی کمر توڑ دی ہے ۔انہوںنے کہا کہ انتہاء پسندانہ رجحانات کے خاتمے کیلئے بندوق کی گولی کیساتھ تعلیم ٬صحت اورروزگا رکی گولیاں بھی ضروری ہیں۔پاکستان کو محفوظ اورپرامن بنانے کی منزل ہر صورت حاصل کریں گے۔انہوںنے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے متعدد منصوبوں پر تیزرفتاری سے عملدرآمد جاری ہے ۔

آئندہ ڈیڑھ برس کے دوران لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگااورروشن پاکستان کی منزل حاصل کرلیںگے۔پنجاب حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی پہلی انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی ہے اورجرائم کے خاتمے کیلئے ڈولفن فورس بھی میدان میں عمل میں آچکی ہے ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا سیف سٹی پراجیکٹ بنایا ہے ۔لاہور کے بعد سیف سٹی پراجیکٹ کو صوبے کے دیگر چھ بڑے شہروں تک وسعت دی جائے گی۔

سیف سٹی پراجیکٹ کے ذریعے شہروں کو محفوظ بنائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم ٬صحت اوردیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ۔شفافیت پنجاب حکومت کا طرئہ امتیاز ہے ۔انہوںنے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میںپولیس کی تربیت میں تکنیکی معاونت اورہائی سکیورٹی جیل کیلئے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔

پنجاب حکومت نے پولیس کو عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کیے ہیں ۔پولیس نظام میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جدت لائی گئی ہے ۔جدید ٹیکنالوجی سے نہ صرف دہشت گردی بلکہ جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے خاطر خواہ مدد ملی ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان کثیر الجہتی نوعیت کے تعلقات موجود ہیںاوران تعلقات کو مزید موثر انداز میں وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔لاہور میں امریکی قونصل جنرل یوری فیڈکیو ٬ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ٬ معاون خصوصی رانامقبول احمد٬انسپکٹر جنرل پولیس٬ سیکرٹری داخلہ٬ سیکرٹری پراسیکیوشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔