وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے محکمہ اوقاف کی اراضی کے مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی اجلاس طلب کرلیا

جمعہ 21 اکتوبر 2016 20:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے محکمہ اوقاف کی اراضی کے مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جن اداروں سے محکمہ اوقاف کی زمین لیز پر لے رکھی ہے وہ واجبات کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ جہاں لیز ایگریمنٹ کی مد ت ختم ہو چکی ہے اس کی تجدید ضرور ہے مگر معاہدے کی تجدید صرف ان لوگوں یا اداروں سے کی جائے جو بقایا جات ادا کر چکے ہوں ۔

انہوں نے اس سلسلے میں آئندہ پندرہ دنوں کے اندر رپوٹ پیش کرنے کی ہدایت اور کہا کہ جن لوگوں نے بقایا جات ادا نہیں کئے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے اوقاف حاجی حبیب الرحمن٬ وزیرتعلیم محمد عاطف خان ٬ علی امین گنڈ اپور ٬ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو افضل لطیف اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ بعض لوگوں نے محکمہ اوقاف کی زمین لیز پر لی تھی ۔ لیز کی مدت ختم ہونے پر نہ وہ اسکی تجدید کررہے ہیں اور نہ ہی سابقہ واجبات ادا کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ اوقاف سے لیز پر دی گئی اراضی کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیااور کہاکہ واجبات کی وصولی کیلئے اقدامات اُٹھائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ محکمہ اوقاف کی غیرمستعمل زمین پر لیز دینے اور لینے کیلئے تمام قانونی تقاضوں کو پوراکیا جا نا چاہیئے اور وہی طریق کار اختیار کیا جائے جس کی قانون اجازت دیتا ہے ۔ انہوںنے پشاور اور مردان میں پارک کی تعمیر جبکہ ڈی آئی خان میں قبرستان کیلئے لیز پر اراضی لینے کے سلسلے میں کیسز تیار کرنے کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :