حکومت نے آئی ایم ایف کے تحفظات پر نجکاری کا عمل بحال کردیا

چین نے پاکستان اسٹیل کی خریداری میں دلچسپی ظاہرکرتے ہوئے حکومت کو اس حوالے سے آگاہ کردیا

جمعہ 21 اکتوبر 2016 19:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2016ء) وفاقی حکومت کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے تحفظات پر نجکاری کا عمل بحال کردیا گیا٬ جس کے ساتھ ہی چینی فرم نے پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کردی٬ چین کے باؤاسٹیل گروپ نے پاکستان اسٹیل کی خریداری میں دلچسپی ظاہرکرتے ہوئے وفاقی حکومت کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹیل مل کی نجکاری کا عمل رواں مالی سال کے دوران ہی مکمل ہونے کی امید ہے۔باؤاسٹیل گروپ چین کی سب سے بڑی اسٹیل کمپنی ہے٬ جس کی 19 ذیلی کمپنیاں بھی ہیں٬ جبکہ کمپنی کی سالانہ پیداوار 34 ملین ٹن ہے۔ آئی ایم ایف نے اسٹیل مل کی نجکاری کا عمل سست ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا٬ جس کے بعد حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کا عمل جون 2017 تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اسٹیل مل کا مالی خسارہ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے٬ جبکہ سندھ حکومت نے اب تک اس کی خریداری میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔واضح رہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے 39 ارب روپے کے بقایا جات کی عدم ادائیگی پر پاکستان اسٹیل مل کو گیس کی سپلائی معطل کیے جانے کے بعد پیداوار کا عمل رکا ہوا ہے۔اس کے علاوہ اسٹیل مل کے 14 ہزار سے زائد ملازمین گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔

متعلقہ عنوان :