کسی پاکستانی کا شناختی کارڈ٬بنک اکاونٹ بلاک نہیں کیا جائیگا٬وزیرداخلہ

دینی جماعتوں کو درپیش مسائل٬مشکلات کے حل کیلئے صوبائی حکومتوں کو علماء کرام اور دینی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی ہدایت کردی ملکی سلامتی اور استحکام کے فیصلوں میں دینی طبقے کو اعتماد میں لیا جائے گا٬سمیع الحق کی قیادت میں دفاع پاکستان کونسل کے وفد سے گفتگو

جمعہ 21 اکتوبر 2016 19:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے شیڈول فور میں شامل کسی بھی پاکستانی شہری کا شناختی کارڈ٬بنک اکائونٹ بلاک نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اس کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا٬دینی جماعتوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے صوبائی حکومتوں کو علماء کرام اور دینی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی ہدایت کی ہے ٬ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے کئے جانے والے فیصلوں میں دینی طبقے کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کے روز دفاع پاکستان کونسل کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا وفد کی قیادت کونسل کے چیرمین مولانا سمیع الحق کر رہے تھے جبکہ وفد میں کونسل کے مرکزی قائدین مولانا محمد اویس نورانی٬ مولانا محمد احمد لدھیانوی٬ مولانا فضل الرحمان خلیل٬ قاری محمد یعقوب شیخ٬ میاں محمد اسلم٬ مولانا سید یوسف شاہ٬ اجمل خان وزیر٬ مولانا حامد الحق حقانی٬ مولانا یونس قاسمی اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد کے قائد مولانا سمیع الحق نے وزیر داخلہ کو ملک میں دینی جماعتوں٬ مدارس٬ آئمہ مساجد و علماء کو درپیش مسائل اور مشکلات سے تفصیل سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان حالات نے دینی قوتوں کا پیمانہ صبر لبریز کردیا ہے اور دیگر دانستہ ہر محاذ پر دیوار سے لگانے کی سازش کی جارہی ہے۔ جبکہ دینی حلقوں نے ہمیشہ ملکی دفاع٬ سلامتی اور استحکام کے لیے مسلسل مثبت کردار ادا کیا ہے مگر اب انہیں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

حال ہی میں امریکی دباو اور بھارت کے مذموم عزائم کے خلاف سب سے پہلے دفاع پاکستان کونسل میدان میں نکلی۔ اور ملک کا دفاع کرنے کا اعلان کیا۔ ایسے حالات میں حکومت کی طرف سے دینی شخصیات کی شہریت منسوخ کرنے٬ بینک اکاونٹ منجمند کرنے٬ شناختی کارڈ بلاک کرنے اور ملک سے باہر جانے پر پابندی کے اعلانات اور اقدامات نے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اہل سنت و لجماعت کے سربراہ محمد احمد لدھیانوی کا شناختی کارڈ بلاک کرنے پر ان سے معذرت کی اور بتایاکہ دو روز قبل شناختی کارڈ پر سے پابندی ختم کی گئی ہے انہوںنے کہا کہ میں اپنے آپ کو دینی قوتوں کا سپاہی سمجھتا ہوں اور تمام نازک حالات میں ہر فورم پر آپ کے ساتھ کھڑا رہوں گا انہوں نے کہاکہ یہ طے شدہ بات ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں اور اس ملک کا نظریاتی تشخص ہر حالت میں قائم رکھا جائیگا اس موقع پر وزیر داخلہ نے فوری طور پر فورتھ شیڈول کے تمام افراد کے بلاک شناختی کارڈ بحال کرنے کے احکامات جاری کیئے اور نادرہ حکام کو متنبہ کیا کہ آئندہ بھی فورتھ شیڈول کے کسی بھی فرد کا شناختی کارڈ بلاک نہ کیا جائے انہوںنے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ فورتھ شیڈول میں شامل کسی بھی پاکستانی کی شہریت پر بکوئی پابندی نہیں لگائی جائے گی ا ور نہ ہی اس کے ملک سے باہر جانے پر کوئی پابندی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میں فوری طور پر چاروں صوبوں کی حکومتوں سے بات کرکے انہیں دینی قوتوں اور کونسل کے لوگوں کے ساتھ بیٹھنے کا کہوں گا تاکہ آپ کے مسائل جلد از جلد باہمی مشاورت سے حل کرائے جاسکیں اس موقع پر کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے افغان مہاجرین کی واپسی اور ان کو درپیش مشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے افغانستان کے مہاجرین کی قربانیوں پانی پھیر رہے ہیں اور بغیر کسی وجہ کے اپنے دیرینہ دوستوں کو دشمن بنایا جا رہا ہے جس کا سارا فائدہ بھارت کو پہنچے گا۔ ۔۔۔۔۔اعجاز خان