قائد عوام انجینئرنگ کالج لاڑکانہ میں داخل ہونے والے مشکوک شخص کو انتظامیہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا

جمعہ 21 اکتوبر 2016 19:35

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) قائد عوام انجینئرنگ کالج لاڑکانہ میں داخل ہونے والے مشکوک شخص کو انتظامیہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا٬ مشکوک شخص کو تھانے منتقل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے ایئرپورٹ روڈ پر واقع قائد عوام انجنیئرنگ کالج لاڑکانہ میں ایک مشکوک شخص دوپہر کے وقت داخل ہوا جسے انتظامیہ اور سکیورٹی گارڈوں نے پکڑا اور پولیس کو اطلاع دی۔

(جاری ہے)

اللہ آباد تھانہ کی پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر مشکوک شخص کو تحقیقات کے لیے تھانے منتقل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق کالج میں داخل ہونے والا مشکوک شخص جس کا نام محمد رمضان پٹھان ہے اور وہ صوبہ بلوچستان کے علاقے پشین کا رہائشی ہے اور حب چوکی میں ہوٹل میں ملازمت کرتا ہے۔ پولیس کے مطابق مشکوک شخص نے بتایا ہے کہ وہ لاڑکانہ گھومنے کے لیے آیا ہے تاہم اس سے مزید تحقیقات اور صوبہ بلوچستان سے اس کی تصدیق کا عمل بھی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :