ْ پاک چین دوستی کے حوالے سے سی پیک روٹ پر نکلنے والی 54 رکنی ریلی کے شرکالاڑکانہ پہنچ گئے

جمعہ 21 اکتوبر 2016 19:35

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) پاک چین دوستی کے حوالے سے سی پیک روٹ پر نکلنے والی 54 رکنی ریلی کے شرکا مسٹر لی اور میڈم یانگ کی قیادت میں لاڑکانہ پہنچ گئے۔ لاڑکانہ کے اوٹھا چوک پہنچنے پر کمشنر لاڑکانہ انعام اللہ داریجو٬ ڈپٹی کمشنر جاوید علی جاگیرانی٬ ایس ایس پی کامران نواز اور دیگر نے ریلی کے شرکا کا پرتپاک استقبال کیا جس کے بعد ریلی کے شرکا پانچ ہزار سال قدیم آثارات موہن جو دڑو کا دورہ کرنے کے لیے موہن جو دڑو پہنچے٬ ریلی کے شرکا نے موہن جو دڑو کے قدیمی آثارات کا دورہ کیا اور موہن جو دڑو کی تاریخ کے حوالے سے معلومات حاصل کی۔

ریلی میں شامل مرد٬ خواتین اور بچوں نے قدیم آثارات میں سیلفیاں بنوائیں جبکہ موہن جو دڑو میں موجود میوزیم کے دورے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دیئے جانے والے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلی میں شریک افراد کو سندھ کی ثقافت ٹوپی اور اجرک کے تحفے بھی دیئے گئے۔ اس موقع پر ریلی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے مجیب عالم طورو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریلی میں چائنہ سے تعلق رکھنے والے مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے جن میں سیاح٬ تاجر اور فیملیاں شامل ہیں جو امن اور پاک چین دوستی کے پیغام کو لے کر یہاں آئے ہیں جس سے دوستی مزید مضبوط ہوگی۔

ریلی کے لوگ پاکستانی لوگوں سے ملنا چاہتے تھے اور انہیں یہاں کے لوگوں اور علاقے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلی کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے متعلق مثبت پیغام کو عام کرنا ہے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور باہر کے لوگ چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں۔ اس ریلی کے دوران سندھ حکومت کی جانب سے ہمارا جگہ جگہ شاندار استقبال اور بندوبست کیا جس پر ان کے شکر گذار ہیں۔

ریلی میں شامل ایک خاتون مس چیانگ نے بتایا کہ وہ طویل سفر طئے کرنے کے بعد پاکستان پہنچیں ہیں جہاں آکر انہیں بہت اچھا لگا یہاں قدیمی آثآرات سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا جہاں پاکستان عوام نے دل کھول کر ہمارا استقبال کیا ہے٬ پاکستانی اور چینی صرف دوست نہیں بلکہ بھائی ہیں۔ دوسری جانب ایک گھنٹے سے زائد کا وقت گذارنے کے بعد ریلی اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :