پانامالیکس کیس سپریم کورٹ تمام قانونی تقاضوں کے مطابق کاروائی عمل میں لائے‘ذکر اللہ مجاہد

کرپٹ سیاستدانوں ٬ بیورکریسی کی ملی بھگت اور کرپشن نے ملک کو تبا ہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے‘امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 21 اکتوبر 2016 19:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے پانامہ لیکس کیس کے حوالے سے حالیہ سپریم کورٹ کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ پانامہ زدہ افراد کے خلاف تمام قانونی تقاضوں کے مطابق کاروائی عمل میں لائے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نی 30اکتوبر کو ہونے والے ’’کرپشن مکائو پاکستان بچائو-‘‘مارچ کے حوالے سے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں جماعت اسلامی لاہور کے نائب امراء ملک شاہد اسلم ٬ ضیاء الدین انصاری ٬ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور محمد عمیرخان ٬ سیکرٹر ی اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں نے بیوروکریسی کی ملی بھگت سے ملک کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے اورملک میں روزانہ کروڑوں کی کرپشن ہوتی ہے اور تمام حکومت کی چھتری تلے ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر نے تمام ملکی اداروں کو اپنے کنٹرول میں رکھا ہوا ہے اور ان کے سامنے تمام ادارے بے بس ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے بیانات سن کر ایسے لگتا ہے جیسے پاکستان کرپشن فری ملک بن چکا ہے جبکہ شماریاتی اور معاشی ادارے بتاتے ہیں کہ ملک میں روزانہ کروڑوں کی کرپشن ہو رہی ہے اورپانامہ لیکس پر قوم آج تک جواب کی منتظر ہے مگر احتساب کے نعرے لگانے والے حکمران آج تک اپنے خاندان کے احتساب سے گریزاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کہنے کو تو ہماراملک اسلامی مملکت خدا داد ہے لیکن اس کے کسی بھی شعبہ زندگی میں اسلامی اصولوں کا شائبہ بھی دکھائی نہیں دیتا جبکہ تعلیم ٬ صحت ٬ زراعت ٬ تقافت سمیت تمام ملکی شعبہ جات کرپشن کی نظر ہو چکے ہیں۔