ہندوستان نے پیسہ لگا کر کالا باغ ڈیم رکوایا جو اگر آج بنا ہوتا تو ملک کو فائدہ ہوتا اور خیبر پختونخوا ہر سال سیلاب میں نہ ڈوبتا‘حفیظ الرحمن

سازش کے تحت صوبوں میں سب نیشنلزم کو فروغ دیا گیا ہے ٬گلگت بلتستان میں ثقافتی تغیر بہت ذیادہ ہے٬سی پیک کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلایا جا رہا ٬ شاہراہ قراقرم سے قبل ہم پتھر کے زمانے میں تھے‘ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

جمعہ 21 اکتوبر 2016 19:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ چائنا پاکستان اکنامک کاریڈور کے خلاف عالمی طاقتیں منفی پروپیگنڈہ پھیلا رہی ہیں ٬ گلگت بلتستان کی عوام کو معلوم ہے کہ جب قراقرم ہائی وے نہیں بنا تھا تو ہم پتھر کے زمانے میں رہ رہے تھے اور اس ایک سڑک کے قیام سے خطے کے ہر شعبے میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔

وہ پنجاب یونیورسٹی گلگت بلتستان سٹوڈنٹس کونسل کے زیر اہتمام الرازی ہال میں منعقدہ تقریب میں گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران٬ چیئرمین سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے گلگت بلتستان اشرف صدا٬ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی٬ صدر اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید٬ سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین٬ سابق چئیرمین گلگت بلتستان کونسل ہدایت و موجودہ چیئرمین ناصر مہدی اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ جن صوبوں میں علاقائیت کی بنیاد پر سیاست ہوئی وہ ترقی نہ کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت صوبوں میں سب نیشنلزم کو فروغ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پیسہ لگا کر کالا باغ ڈیم رکوایا جو اگر آج بنا ہوتا تو ملک کو فائدہ ہوتا اور خیبر پختونخوا ہر سال سیلاب میں نہ ڈوبتا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ثقافتی تغیر بہت ذیادہ ہے۔ ماضی میں اسے فساد کے لئے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو سب سے بڑا چیلنج امن و امان کے قیام کا تھا آج صوبے میں امن بحال ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد واضح ہونا چاہئے بدقسمتی سے آج کی تحقیق حکومت سے منسلک نہیں۔ ہم نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو حکومت کے تھنک ٹینک کا درجہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی و سیاسی بنیادوں پر بننے والی طلباء تنظیموں سے نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ایکو اکنامک زون بنا رہے ہیں اور گلگت بلتستان کو قراقرم ہائی وے کے ساتھ ساتھ تین دیگر بڑی شاہراہوں سے لنک کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال 10 لاکھ ملکی سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رخ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ہے ٹی وی سکرین پر صرف مایوسی پھیلائی جا رہی ہے جبکہ پاکستان میں آگے بڑھنے کے لاتعداد مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے نوجوان طلباء و طالبات سے اپیل کی وہ عوام میں بیداری پیدا کریں۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گلگت بلتستان کی حکومت اور عوام کے لئے پنجاب کے عوام کے ٹیکس سے مدد کر رہے ہیں گلگت بلتستان میں 32 کروڑ روپے مالیت کی پہلی ایم آر آئی مشین وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعاون سے جلد ہی کام شروع کرے گی۔

انہوں نے گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کو سکالرشپس فراہم کرنے پر بھی میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان کے طلباء وطالبات کے لئے مخصوص نشستوں میں اضافہ کرنے٬سکالرشپس فراہم کرنے اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو مسائل کا سامنا ہے۔

اشرف صدا نے کہا کہ ڈاکٹر مجاہد کامران کے گلگت بلتستان میں چرچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حافظ حفیظ الرحمن گلگت بلتستان کے شہباز شریف ہیں اور انہیں ملنا بہت آسان ہے اور یہ عوامی مسائل حل کرنے میں دن رات لگے رہتے ہیں۔ بعد ازاں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو سوینر پیش کیا۔