پشاور٬ سٹرک اور نکاس آب کے نظام کوبہتر کرنے کے لئی66 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں٬شوکت یوسفزئی

جمعہ 21 اکتوبر 2016 19:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2016ء) فوکل پرسن میگا پراجیکٹس شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ چوک یاد گار‘گھنٹہ گھر ‘ قصہ خوانی اور گور گٹھٹری میں سٹرک اور نکاس آب کے نظام کوبہتر کرنے کے لئی66 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ پشاور شہر کو ماڈل سٹی بنانے کے لئے بھی اربوں روپوں کا منصوبہ تیار کیاگیا ہے جس میں ماس ٹرانزٹ منصوبہ بھی شامل ہے وہ گنج اور قادر آباد یوسیز کے دورے کے موقع پر خطاب کررہے تھے ڈسٹرکٹ‘ تحصیل ممبران ‘ ناظمین اور کونسلرز بھی ان کے ہمراہ تھے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پشاور سمیت صوبے کے بڑے شہروں کو ایک منصوبہ بندی کے تحت ترقی دی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ایم ایس پی کے تحت بھی شہر کی بڑی بڑی ڈرینز بنائی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ 2 نومبر سے ملک سے کرپشن ختم کرنے کی حتمی جنگ لڑی جائے گی پاکستان کو غریب بنا کر اپنے اثاثے بنانے والوں کااحتساب کریںگے وزیراعظم نواز شریف جب تک خود کو احتساب کے لئے پیش نہیں کرتا اسلام آباد کو بند رکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام نے ہمیشہ عمران خان کا ساتھ دیا ہے یہ حق کی جنگ ہے اور اس میں ضرور کامیابی حاصل ہوگی انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ کام کی رفتار کو تیز اور معیار کو بہتر کرے سابقہ ادوار میں شہر میں کوئی ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے شہری مسائل کی دلدل میں پھنسے ہیں