گلگت بلتستان میں پولیو٬دہشت گردی ٬جرائم کے خاتمے کیلئے پنجاب کے آئی ٹی منصوبے اپنائیں گے ‘حافظ حفیظ الرحمان

وزیر اعلیٰ کا پنجاب آئی ٹی بورڈ کا خصوصی دورہ ۔ ڈاکٹر عمر سیف کا نعرہ ہے ’’ہرجرم پہ نظر‘‘٬پنجاب واقعی دوسرے صوبوں کیلئے مثال ہے‘وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 21 اکتوبر 2016 18:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے ای گورننس کے ذریعے تعلیم ٬صحت اور امنِ عامہ کی بہتری کے لئے بے مثال کام کیا ہے جس کے لئے ڈاکٹر عمر سیف اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں پنجاب آئی ٹی بورڈ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈاور وائس چانسلر آئی ٹی یونیورسٹی ڈاکٹر عمر سیف نے ایک اجلاس میں اپنے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ حافظ حفیظ الرحمان نے ان منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے موثر استعمال کی بدولت پنجاب کے ہر شعبے میں مثبت تبدیلی نظر آتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم گلگت بلتستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے پنجاب کا ای۔

ویکسی نیشن پروگرام اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے پنجاب کا سیف سٹی پروگرام شروع کریں گے نیز ڈاکٹر عمر سیف سے اپنے صوبے کا نیاایجوکیشن بل ڈرافٹ کرنے کی درخواست بھی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی اور آئی ٹی یونیورسٹی عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے شاندار کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کے لئے شروع کیے پروگرام دیکھ کر لگتا ہے کہ ڈاکٹر عمر سیف کانعرہ ہے ’’ہر جرم پہ نظر ۔

‘‘انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور پنجاب حکومت گذشتہ ڈیڑھ سال سے ملکر کام کر رہے ہیں تاہم اب اس باہمی شراکت میں مزید اضافہ ہوگا۔حافظ حفیظ الرحمن نے سیف سٹی پروگرام کے تحت لاہور میںپانچ ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کو سراہا اور کہا کہ چار سال پہلے اسلام آباد میں بھی سیف سٹی منصوبہ شروع ہوا تھا جو ادھورا ہی رہ گیا لیکن پنجاب حکومت بہت کم لاگت میں یہ منصوبہ مکمل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے بہت کچھ سیکھ رہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے اس سے لگتا ہے کہ پاکستان میں ہر دہشت گرد اور مجرم سمارٹ مانیٹرنگ کے شکنجے میں آئے گا۔ قبل ازیں ڈاکٹر عمر سیف نے بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت وفاق٬ آزاد کشمیر٬ خیبر پختونخوا ٬ بلوچستان اور سندھ بھی ہمارے منصوبوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی ٹی بی شعبہء تعلیم٬ صحت٬ پولیس سمیت متعدد محکموں کی بہتری کے لئے ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کر رہا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میںسمارٹ مانیٹرنگ کے پروگرام شروع کیے ہیں جن سے بالخصوص سکولوں٬ ہسپتالوں اور تھانوں میں حاضری کی شرح پہلے سے بہتر ہوئی اوران کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تھانہ اور پٹوار کلچر کے خاتمے کے لئے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم٬ ایف آئی آر کی کمپیوٹرائزیشن٬ کرائم میپنگ سسٹم٬ پولیس ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم اور بائیومیٹرک سسٹم شروع کیا گیا۔ پولیس کے یہ منصوبے سندھ حکومت کو مفت فراہم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رشوت ستانی کی روک تھام کے لئے پنجاب کا سٹیزن فیڈ بیک مانیٹرنگ سسٹم بہت موثر ثابت ہو رہا ہے جس کے ذریعے وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی ریکارڈ شدہ آواز میں شہریوں سے سرکاری دفاتر میں ممکنہ رشوت ستانی یا بدسلوکی کے بارے معلومات لیتے ہیں اور شکایات پر کارروائی بھی کی جاتی ہے ۔

اس موقع پر ڈاکٹر عمر سیف نے مہمان وزیر اعلیٰ کو ارفع ٹاور کا یادگاری ماڈل بھی پیش کیا ۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

متعلقہ عنوان :