راولپنڈی کینٹ میں 600کوڑا دانوں کی تنصیب کے باوجود بھی صفائی کی صورتحال میں بہتری نہ آ سکی

بغیر منصوبہ بندی کوڑا دانوں کی نامناسب مقامات پر تنصیب اور بروقت صفائی کا فقدان

جمعہ 21 اکتوبر 2016 18:52

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء)راولپنڈی کینٹ میں 600کوڑا دانوں کی تنصیب کے باوجود بھی صفائی کی صورتحال میں بہتری نہ آ سکی٬ بغیر منصوبہ بندی کوڑا دانوں کی نامناسب مقامات پر تنصیب اور بروقت صفائی کا فقدان٬ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر٬ کوڑا اگلتے کوڑا دان اور کچرے سے اٹے نالے شعبہ سینی ٹیشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئے۔

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے حال ہی میں کینٹ کی 10وارڈز میں صفائی کے نظام کی بہتری کے لئے 600کوڑا دان نصب کئے٬ صفائی نظام کو مربوط بنانے کیلئے نئی گاڑیاں اور کمپیکٹرز بھی زیر استعمال لائے گئے تاھم صورتحال یہ ہے کہ یہ سینکڑوں کوڑا دان کینٹ میں صفائی کی صورتحال میں بہتری نہ لاسکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ حکام نے یہ تمام کوڑا دان بڑی شاہراہوں پر رکھ دیئے ہیں جبکہ رہائشی آبادیوں میں یہ کوڑا دان مہیا نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے شہری آبادی میں گھروں کا کوڑا جوں کا توں ہے اور صفائی کا نظام ابتر ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

ٹنچ بھاٹہ ٬ڈھوک سیداں ٬ کامل آباد ٬فیصل کالونی اور دیگر آبادیوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ خیابان میراں بخش نالہ٬ اسلم مارکیٹ نالہ٬ فیصل کالونی نالہ سمیت دیگر نالوں میں روزانہ کی بنیاد پر کئی ٹن کوڑا ڈالاجا رہاہے جس کے ذمہ دار نہ صرف شہری بلکہ کینٹ بورڈ کا عملہ صفائی بھی ذمہ دار ہے جو کہ کوڑا ان نالوں میں پھینکتے ہیں۔دوسری بڑی وجہ یہ ہے کہ کینٹ بورڈ حکام نے منصوبہ بندی کے بغیر کوڑا دان مختلف مقامات پر رکھ دیئے جو کہ عوامی ضروریات پوری نہیں کر رہے۔