مقبوضہ کشمیر ٬شبیر احمد شاہ کا کشمیری نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریوں پر اظہار تشویش

جمعہ 21 اکتوبر 2016 18:45

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے بھارتی پولیس کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریوںپر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت نے نہتے شہریوں کے خلاف باضابطہ ایک جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیراحمد شاہ نے سرینگر میںجاری بیان میںکہا کہ کم عمر لڑکوں کو بھی پتھرائو کے الزام میں قید خانوں میں ڈالا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو اپنے دفاع میں پتھر اٹھانے پر بصارت سے محروم کیا جا رہا ہے جو بھارت کی نام نہاد جمہوریت کے ماتھے پر بدنما دھبہ ہے۔انھوں نے کہا کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے عوام کے صبر استقامت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری جبر و زیادتیوں کا جس طرح سے مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں وہ کشمیرکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے ۔

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ بھارت جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔شبیر احمد شاہ نے سرکاری ملازمین کی برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کو اس طرح کی انتقامی کارروائیوں کا ایک رو ز جواب دینا پڑے گا۔ شبیر احمد شاہ نے کشمیر کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) کے اعلامیے کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے رکن ملکوں کو اپنی اپنی سطح پر بھی بھارت دبائو ڈالنا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق٬ حق خود ارادیت دے ۔

متعلقہ عنوان :