کوئٹہ کینٹ میں بلوچستان پولیس کے آٹھویں بیج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد

جمعہ 21 اکتوبر 2016 17:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) کوئٹہ کینٹ میں بلوچستان پولیس کے آٹھویں بیج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی بریگیڈئیر شاہد اور ایڈیشنل آئی جی پولیس ایوب قریشی تھے۔مہمان خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے پاس آئوٹ ہونے والے پولیس کے جوانوں کو مبارکباد دی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں کو شیلڈ اور میڈلز دئیے۔

آرمی کے زیر نگرانی ٹوٹل 185جوانوں کو ٹریننگ دی گئی۔ ٹریننگ کا آغاز 22اگست 2016 کو ہوا اور 9ہفتوں پر محیط یہ ٹریننگ 21 اکتوبر 2016 کو پایہ تکمیل تک پہنچی۔ مجموعی طور پر 1300 پولیس کے سپاہیوں کو 8مرحلوں میں ٹریننگ دی گئی جس میں 800 بنیادی لیول اور 500 جوانوں کو ایڈوانس لیول کی ٹریننگ دی گئی۔

(جاری ہے)

ٹریننگ کا مقصد بلوچستان پولیس کے منتخب جوانوں کو اعلیٰ معیار کی پیشہ وارانہ تربیت کے ساتھ ساتھ موجودہ حالات میں امن و امان کی صورتحال میں جدید ترین طریقوں ٬ تدبیروں اور ہتھیاروں کے استعمال سے آراستہ کرنا ہے تاکہ پاکستان آرمی سے تربیت یافتہ یہ جوان بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔

ٹریننگ کے دوران جسمانی تربیت٬ ہتھیاروں کا استعمال٬ فائرنگ کے جدید طریقے٬ شہری علاقے کی لڑائی٬ خود ساختہ بموں سے نمٹنے کے طریقے اور حفاظتی تدابیر ٬ چھاپہ مارنے کی کاروائی٬ ذاتی حفاظت اور دست بدست لڑائی٬ اہم شخصیات کی حفاظت اور ابتدائی طبی امداد پر خصوصی توجہ دی گئی ۔

متعلقہ عنوان :