وزیراعظم کی جانب سے ٹیکسٹائل شعبہ کی بحالی کیلئے دو سو ارب روپے کے پیکیج کا فیصلہ خوش آئند ہے٬ میاں زاہد حسین

جمعہ 21 اکتوبر 2016 17:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ٹیکسٹائل شعبہ کی بحالی کیلیئے دو سو ارب روپے کے پیکیج کا فیصلہ خوش آئند ہے٬ اس پیکیج کے نتیجہ میں 14 ارب ڈالر کی صنعت کی ترقی سے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ متعلقہ حکام فوری طور پراس پیکیج کی تفصیلات طے کریں تاکہ اس پر عملدرآمد کیا جا سکے۔

جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے جو سب سے زیادہ زرمبادلہ اور پینتیس لاکھ افرادکو روزگار فراہم کر رہا ہے مگر کپاس کی فصل کی تباہی٬ توانائی بحران٬ توانائی کے نرخ٬ ریفنڈز کی عدم ادائیگی اور ٹیکس مسائل وغیرہ کی وجہ سے اس شعبہ کی برآمدات بری طرح متاثر ہوئی ہیں جبکہ بین الاقوامی منڈی میں حریف ممالک پاکستان کی جگہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں 14 ارب ڈالر کے اس اہم شعبہ کی ترقی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے یہ پیکیج انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے ساتھ دیگر ایکسپورٹ انڈسٹری کو بھی بحال کرنے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے جس پر فوری عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ گزشتہ کئی سال سے ملک کی کاٹن اکانومی بھی سیلاب اور مختلف بیماریوں کے حملوں کے سبب بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کیلئے معنی خیز اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس اور ٹیکسٹائل کی برآمد سے سالانہ 12 ارب ڈالر تک کمائے جاتے ہیں جبکہ اس شعبہ کا حصہ جی ڈی پی میں 8.5 فیصد ہے اس لئے اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

متعلقہ عنوان :