پرتگال سے تعلق رکھنے والی تاجر برادری کے وفدکی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل سے ملاقات

جمعہ 21 اکتوبر 2016 17:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل اقوام متحدہ کے نومنتخب سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹرس کی دعوت پر آئندہ ماہ پرتگال کے دورہ کے موقع پر ان سے ملاقات کریں گے۔ جمعہ کے روز اسلام آباد میں پرتگال سے تعلق رکھنے والی تاجر برادری کے ایک وفد نے ولیم مونٹیریو کی سربراہی میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل سے ملاقات کی۔

وفد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ کی رہنما آمنہ ملک سمیت دیگر وزارت انسانی حقوق کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں دوست ممالک کے درمیان کاروباری مواقع اور باہمی تعلق کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کامران مائیکل نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی جامع حکمت عملی کی بدولت پورے ملک میں دہشت گردی پر قابو پالیا گیا ہے اور اب ہم امن و استحکام اور تعمیر وترقی کے نئے دورمیں داخل ہورہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو لازوال قربانیاں دی ہیں‘ اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا امن کا وابستہ ہے۔ کامران مائیکل نے کہا کہ پورے خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستانی قوم نے جو قربانیا ں دی ہیں٬ بین الاقوامی برادری کو ان قربانیوںکو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہئے۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر کامران مائیکل نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ عرصے کے دوران بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے حالات سازگار ہوئے ہیں۔ وفد کے اراکین نے حکومت پاکستان اور خاص طور پر وزارت انسانی حقوق کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں مزید تعاون کا یقین دلایا۔