Live Updates

کارکن انتخابات کی تیاری کریں ٬2018ملک بھر میں تیر کی فتح سال ہوگا ٬نثار احمد کھوڑو

آمر کے ریفرینڈم کے حمایتی عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بائیکاٹ کرکے خود کو بھی مودی کا یار ثابت کیا ہے ٬صدر پیپلزپارٹی سندھ

جمعہ 21 اکتوبر 2016 16:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پارٹی کارکنان آئندہ انتخابات کی بھرپور تیاری کرلیں ٬ 2018ء کے انتخابات کا دن ملک بھر میں تیر کی فتح کا دن ثابت ہوگا اور بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنا کر دکھائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہا ر انھو ںنے جمعہ کو پیپلز سیکریٹریٹ کراچی اور اپنی رہائش گا ہ پر مبارکباد کے لیئے آنے والے ہزاروں کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان دونوں بند گلی میں پھنس چکے ہیں ٬ نواز شریف کے بعد ایک آمر کے ریفرینڈم کے حمایتی عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بائیکاٹ کرکے خود کو بھی مودی کا یار ثابت کیا ہے اور یہ دونوں مزید ملک کے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے ۔

(جاری ہے)

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ن لیگ پیپلز پارٹی کے چار مطالبات تسلیم کرلے ورنہ 27دسمبر کے بعد نواز شریف کو بند گلی سے بھی نکلنے کا موقع نہیں ملے گا ۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت کی ناکام پالیسیوںکی وجہ سے دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہورہا ہے تو دوسری طرف پانامہ لیکس معاملے کے بعد نوا ز شریف کے وزرات عظمیٰ کے عہدے پر بھی سوالیہ نشان آچکا ہے اسلئے وہ خود کوبھی احتساب کے لیئے پیش کریں اور پیپلز پارٹی انھیں بھاگنے نہیں دے گی۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی غیر آئینی طریقے سے تبدیلی کے عمل کی حمایتی نہیں ہے تاہم نواز شریف جمہوری طریقے سے گھر چلے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے ابھی بھی ہوش سے کام نہیں لیا تو 27دسمبر کے بعد دمادم مست قلندر کی شروعات ہوگی ۔انھوں نے کہا کہ کراچی کسی ایک کی جاگیر نہیں ہے اب ثابت ہوگیا ہے کہ کراچی کی عوام بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے ٬ اب آئندہ انتخابات میں کراچی میں بھی تیر چلے گا۔قبل ازیں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں ٬ صوبائی وزراء سمیت ہزاروں کارکنان نے نثار احمد کھوڑو کو سندھ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیںاور مٹھائیاں تقسیم کی گئی اور بھنگڑے ڈال کر نعرے بازی کی گئی ۔اس موقع پر ایک میلے کا سماں تھا ۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پارٹی کے تمام کارکنان کو ساتھ لے کر چلوں گا٬ کارکنان نظم وضبط او راتحاد کا مظاہرہ کرکے آئندہ انتخابا ت کی تیاری شروع کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات