پیٹر برا کونسل نے کشمیر پر قرارداد پاس کر کے برطانیہ کیلئے ایک مثال قائم کر دی ہے کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر بھی اس طرح کی قرارداد منظور کریںجس طرح فلسطین کیلئے کی ہے‘برطانیہ مسئلہ کشمیر کا فریق اور عینی شاہد ہے وہ اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے

جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی کا تقریب سے خطاب

جمعہ 21 اکتوبر 2016 16:35

پیٹربرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پیٹر برا کونسل نے کشمیر پر قرارداد پاس کر کے برطانیہ کے لیے ایک نظیر قائم کر دی ہے کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر بھی اس طرح کی قرارداد منظور کریںجس طرح فلسطین کے لیے کی ہے ٬برطانیہ مسئلہ کشمیر کا فریق اور عینی شاہد ہے وہ اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے ٬برطانیہ اور یورپی ممالک میں انسانی حقوق کے ادارے تنظیمیں اور انسان انسانیت کی بنیادپر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں وہاں ریلیف فراہم کروائیں مقبوضہ کشمیر آزاد کشمیر میں پوری قوم حق خودارادیت کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہے عالمی سطح پر موافق ماحول ہے اس سے استفادہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کیا جائے کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا٬اس موقع پر تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی ٬مسلم لیگ ن کے راہنما میجر طاہر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ٬تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر آزاد کشمیر میں یکجہتی پیدا ہوئی ہے حریت کانفرنس ایک ہوئی ہے آزاد کشمیرمیں بھی آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں لائحہ عمل طے کیا گیا ہے پاکستان کے وزیراعظم میاں محمدنوازشریف اورآزاد کشمیر کی حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں اور عالمی سطح پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوئے ہیں ان سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ٬بیس کیمپ میں ہم کوشش کررہے ہیں کہ حکومت اور اسمبلی کشمیریوں کی ترجمان بنے یہ ہماری ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ جس طرح پیٹربرا کی کونسل نے کشمیر پر قرار داد منظور کی ہے کوشش کی جائے کہ برطانیہ کی تمام کونسلز سے کشمیر پر قرارداد منظور کروائی جائے اور باالخصوص برطانیہ کی پارلیمنٹ سے کشمیر پر قرار داد منظور کرائی جائے اس کے لیے برطانیہ کے ممبران پارلیمنٹ سے رابطے تیز کیے جائیں ان کے ساتھ ملاقاتیں کی جائیں جن جن علاقوں میں وہ ہمارے ووٹوں سے منتخب ہوتے ہیں وہاں کے ووٹرز بھی ان پر دبائو بڑھائیں اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ برطانیہ میں نوجوان نسل پر فوکس کیا جائے باالخصوص جو کشمیری نوجوان ہیں جو فلسطین اور شام کے لیے متحرک ہیں ان کو کشمیر کی طرف بھی لایا جائے کشمیرکے بارے میں ان کو آگاہی دی جائے اور نوجوانوں کو اپنی صفوں میں لایا جائے ٬عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں بے پناہ مظالم ڈھا رہا ہے لیکن یہ اس کی بھول ہے کہ وہ ٹینکوں اور توپوں کی طاقت کی بنیاد پر کشمیریوں کو غلام رکھ سکے گا کشمیریوں نے آزادی کی جدوجہد کے لیے 5لاکھ سے زائد جانوں کے نذرانے پیش کر دئیے ہیں اور آزادی تک ہر قربانی دینے کے لیے پر عزم ہیں ۔